کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تمام اہم منصوبے بڑے صوبوں سے شروع کرکے وہیں پایہ تکمیل تک پہنچائے جاتے رہیں گے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی یونہی فروغ پاتا رہے گا۔ زرعی پانی کی کمیابی کے بعد اب بلوچستان بھر میں پینے کا صاف پانی بھی نایاب ہوتا جارہا ہے اور صوبے کے ہر بڑے چھوٹے شہر میں ٹینکر مافیا پوری طرح اپنا تسلط جما چکا ہے۔ تبدیلی سرکار کی کارکردگی بھی میانوالی تک محدود دکھائی دینے لگی ہے جہاں پینے کے پانی کی سپلائی کے لئے خصوصی احکامات کئے گئے ہیں جبکہ انہیں بوند بوند کو ترستے بلوچستانی عوام بھلا کیونکر نظر آئیں گے جو شدید ترین گرمی میں پانی کی ایک بالٹی کے حصول کیلئے دن بھر دربدر اور مایوس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پانی کے ایک گلاس والی بوتل کی قیمت 30 روپے ہو وہاں ایک ٹینکر کی قیمت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران اپنی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے انہیں حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔ منصب اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت اور عوام کی امانت ہے تاریخ نے اس میں خیانت کرنے والوں کو قصہ پارینہ بنتے دیکھا ہے عوام کے دلوں میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا میانوالی کے عوام ایک نمبر کے شہری اور ہم تیسرے درجے کے شہری ہیں۔