• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، دیرینہ دشمنی پر قتل کرنیوالے ملزم کی درخواست ضمانت خارج

پشاور(نیوزرپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج جواد علی نے سابقہ دشمنی پر تین سال قبل ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ مدعی مقدمہ ندیم خان کی جانب سے کیس کی پیروی سلیم رضا صافی ایڈووکیٹ نے کی ۔ استغاثہ کے مطابق ملزم شاہ نواز پر الزام ہے کہ اس نے 2016میں تھانہ بڈبیر کے علاقہ میں فائرنگ کرکے یوسف نور کو قتل کیا جبکہ اس کیس میں دو مزید ملزمان مفرور ہیں ، دوران سماعت ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ واقعہ کا کوئی عینی شاہد نہیں ، اس کے ساتھ ساتھ مقتول کی لاش دو دن بعد ملی جبکہ استغاثہ نے جو الزام لگایا ہے ، اس میں کوئی حقیقت نہیں کیونکہ ملزم اغواء کے دو دن بعد قتل ہوا ہے ۔ دوسری جانب استغاثہ کے وکیل سلیم رضا صافی نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان اور مقتول کے درمیان گزشتہ بائیس سال سے دشمنی چلی آرہی تھی اور اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کے واقعات ہوچکے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی دونوں فریقین آپس میں رشتہ دار بھی ہیں لہذا یہ کہیں بھی ثابت نہیں ہوتا کہ ملزم کو جھوٹ کے ذریعے اس کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے اسے جیل میں بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے۔
تازہ ترین