• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپرا رپورٹ: پیسکو، سیپکو، حیسکو، کیسکو کی کارکردگی ناقص قرار

نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں پیسکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کی کارکردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے مالی سال 18-2017ء کی رپورٹ جاری کر دی۔

نیپرا کی جانب سے رپورٹ میں بجلی کمپنیوں کے ورکرز اور عام شہریوں کے کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کی شرح خطرناک حد تک بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 18-2017ء میں کرنٹ لگنے سے 152 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پشاور، سکھر، حیدر آباد اور کوئٹہ کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی ناقص کار کردگی کی وجوہات میں امن و امان اور سیاسی فیکٹر کا بھی عمل دخل ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے فراہم کیے جانے والے اعداد و شمار کی صداقت پر نیپرا کو تشویش ہے، تقسیم کار کمپنیوں نے مالی سال 18-2017ء میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے دوران 45 ارب روپے کا نقصان کیا۔

نیپرا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 18-2017ء میں کے الیکٹرک سمیت دیگر کمپنیوں میں بجلی کی شکایات کے ازالے کا عمل سست روی کا شکار رہا جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں مالی سال میں صارفین سے بلوں کی مد میں 78 ارب روپے وصول کرنے میں ناکام رہیں۔

رپورٹ کے مطابق نقصانات میں کمی کے اہداف کو آئیسکو کے سوا کسی کمپنی نے پورا نہ کیا، 18-2017ء میں پیسکو کے بجلی ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات 38 فیصد سے زیادہ رہے جبکہ نیپرا نے پیسکو کو ان نقصانات کی مد میں زیادہ سے زیادہ 27.62 فیصد کی اجازت دی تھی۔

تازہ ترین