• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ویڈیو کا فارنزک کروالیا،یہ اوریجنل ثابت ہوگئی،مریم نواز

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ویڈیو کا فارنزک کروالیا ہے جس میں یہ اوریجنل ثابت ہوگئی، تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ کوویڈیو ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ میں پیش کرنی چاہئے تھی،ن لیگ جسٹس قیوم اور سیف الرحمٰن کی صورت میں یہی ہتھکنڈے پیپلز پارٹی کیخلاف استعمال کرچکی ہے،ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ اب تک جو شواہد پیش کیے گئے ان سے بہت زیادہ ثبوت موجود ہیں، مجھے بتایا گیا ہے کہ اس کے علاوہ بھی ٹیپس ہیں جو اس ٹیپ سے زیادہ specific اور damaging ہیں،پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو پر قانون کے مطابق بات ہونی چاہئے تھی، عمران خان نے اپنی سونامی میں پاکستان کے عوام کو غرق کردیا ہے،مریم نواز نے کہا کہ میرے پاس مزید دو ٹیپس اور دو تین آڈیوز بھی ہیں، جج ارشد ملک کا سزا سے پہلے ہمارے ساتھ کوئی رابطہ ہوتا تو سمجھ آتا کہ ملزم رعایت لینے کیلئے رابطہ کرسکتا ہے، نواز شریف کو سزا ہوگئی اور وہ جیل چلے گئے اس کے بعد جج صاحب ہم سے خود رابطہ کررہے ہیں اور پیغام پہنچارہے ہیں کہ مجھے اتنے ڈراؤنے خواب آتے ہیں کہ میں رات میں اٹھ کر بیٹھ جاتا ہوں ،میرا ضمیر مجھے ملامت کرتا ہے اور میں معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ مریم نواز نے بتایا کہ جج صاحب دو دفعہ عمرے پر گئے اور کسی کو یہ پیغامات دیئے کہ میں عمرے پر اس لئے گیا تھا کہ میرا ضمیر مجھے ملامت کرتا ہے، شاید وہ وہاں جاکر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنا چاہتے ہوں گے یا اپنے دل کو سکون کو دینے کیلئے وہاں گئے، کسی بے گناہ کو سزا دینے کا بوجھ بہت بڑا ہوتا ہے، جج کی وہاں چند ملاقاتیں بھی ہوئیں جس میں انہوں نے کھل کر اسی طرح کی باتیں کیں جیسی اس ٹیپ میں کی ہیں کہ مجھے بہت بری طرح بلیک میل کیا گیا تھا اور میں خودکشی کرنے پر آگیا تھا۔
تازہ ترین