چترال میں گلیشیئر ٹوٹنے کے بعد سیلابی صورت حال برقرار ہے، گولین میں ہیلی کاپٹر سے امدادی سامان لے کر پہنچنے والے ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم مسعود بھی پھنس گئے۔
ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم مسعود کے مطابق پہاڑوں سے اب بھی پانی آ رہا ہے، پہاڑوں کی گڑگڑاہٹ اور مسلسل سیلابی پانی آنے کے باعث لوگ خوفزدہ ہیں۔
مکین علاقے سے نکل کر پہاڑوں پر پہنچ گئے ہیں، انہوں نے این ڈی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو کارروائی کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیا جائے، تاکہ بچوں، بوڑھوں اور مریضوں کو چترال شہر منتقل کیا جا سکے۔
ادھر محکمۂ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب، ڈیرہ غازی خان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
مری، پسرور، گجرات اور شکر گڑھ میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، پسرور اور شکر گڑھ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے سے علاقہ مکین پریشان ہو گئے۔
گزشتہ روز بھی موسم گرم اور خشک رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، دادو میں 47، نوکنڈی، جیکب آباد، دالبندین، سکھر اور روہڑی میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔