اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا تشخص اور وقار مقامی اداروں اور سرکاری اہلکاروں کے سامنے قائم رکھنے کے لئے بارسلونہ میں متعین پاکستانی قونصل جنرل، عمران علی چودھری نے وزیر داخلہ ”مائیکل بیچ“ اور حکومت کے اہل کاروں سے ملاقاتیں کیں۔
جن افراد سے ملاقاتیں ہوئیں ان میں نیشنل پولیس کے دو اہم آفیسرز چیف کمشنر”جون فورتن“ اور تفتیشی یونٹ کے سربراہ” امیلیو“ شامل ہیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد 27 جون 2019 کو بارسلونا کے علاقے ”سیوتات بیعیا “میں منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف مقامی پولیس اور دوسرے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے کئے جانے والے سب سے بڑے آپریشن کے بارے میں تفصیلات جاننا تھا۔
تاکہ پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار اورسافٹ امیج کو نمایاں کرنے کے ساتھ مقامی ہسپانوی اخبارات اور ٹی وی چینلز کی ہیڈلائنز میں اُس آپریشن کے حوالے سے خاص طور پر کچھ پاکستانیوں کی گرفتاری کا ذکر بڑھا چڑھا کرکیا گیا تھا، اس پر پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات سے ہسپانوی وزیر داخلہ کو آگاہ کرنا بھی تھا۔
اس آپریشن میں پاکستانیوں کے ساتھ دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی گرفتار ہوئے تھے لیکن مقامی میڈیا نے پاکستانی کمیونٹی کو اپنی ہیڈ لائنز اور شہ سرخیوں کی زینت بنایا تھا اور یوں محسوس کرانے کی کوشش کی تھی کہ یہ آپریشن پاکستانیوں کے لئے تھا یا یہ کہ اس آپریشن میں صرف پاکستانی ہی گرفتار ہوئے ہیں ۔
قونصل جنرل بارسلونا کی جانب سے جب یہ تحفظات پیش کئے گئے تو اس کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کبھی بھی یہ نہیں رہا کہ کسی بھی جگہ پاکستانیوں کا نام خاص طور پر لیا جائے یا پاکستانی کمیونٹی کو بدنام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا خبروں میں تفصیلات بتا سکتا ہے لیکن حکومتی ادارے کبھی بھی کسی کمیونٹی کو جرائم پیشہ کا لیبل نہیں لگا سکتے اور نہ ہی آئندہ کبھی ایسا سوچا جا سکتا ہے ۔
قونصل جنرل، عمران علی چودھری نے وزیر داخلہ اور مقامی پولیس افسران سے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی محنتی، جفاکش،ہسپانوی قانون کے پابند اور اسپین سے اپنے وطن کی طرح محبت کرنے والی قوم ہے۔
اس موقع پرقونصل جنرل نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں جاری منشیات فروشی کے گھنائونے کاروبار کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے منشیات کے عادی افراد کیلئے ایک "آگہی پروگرام" شروع کرنے کا عندیہ دیا تاکہ لوگوں کو یہ شعور دیا جا سکے کہ وہ اس لعنت سے کیسے چھٹکارا حاصل کر کے صحت مندانہ زندگی گزار سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستانی کمیونٹی نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ وزیر داخلہ اور نیشنل پولیس افسران نے قونصل جنرل، عمران علی چودھری اور پاکستانی کمیونٹی کے اس عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی کمیونٹی کی محنت اور جفاکشی کے قائل ہیں۔
ہم اس کمیونٹی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے ، یہ سب اب اسپین کا حصہ ہیں اور جائز کاموں کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں ہم پاکستانیوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور ان کی عزت و تکریم کے ساتھ ساتھ جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔