راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) عوام کو ڈینگی اور پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور تمام تر الائیڈ ڈیپارٹمنٹس محکمہ صحت کے ساتھ مل کر عوام کو صحتمندانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں رہیں۔ ڈینگی کا پیک سیزن ہونے کی وجہ سے انڈور اور آئوٹ ڈور سرگرمیوں کو تیز تر کیا جائے اور سرکاری محکمے آپس میں رابطوں کو بہتر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سلمان غنی کے ہمراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں اب تک 849مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 8کنفرم مریض ہیں۔ ان مریضوں کا تعلق ڈھوک حسو اور اورسٹرنگ ہائوسنگ سوسائٹی، بنگش کالونی، ویسٹریج، سرائے کالا سے ہے جو ہولی فیملی اور بینظیر ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ اجلاس میں پولیو کے ریفیوزل اور نان اٹینڈڈ بچوں کے بارے میں بھی بتایاگیا۔