• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی کی دولت مشترکہ کے وزرا خارجہ اجلاس میں شرکت

لندن (جنگ نیوز) پاکستان کے ایک وفد نے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں لندن میں دولت مشترکہ کے وزرا خارجہ اجلاس میں شرکت کی، یہ اجلاس دولت مشترکہ کے قیام کے بارے میں اعلامیہ لندن کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔ دولت مشترکہ کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے برطانیہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے اجتماعی مفادات سے متعلق معاملات اور دولت مشترکہ کے ویژن کے مطابق زیادہ منصفانہ، خوشحال اور پائیدار مستقبل کیلئے اقتصادی ترقی، گورننس اور سماجی ترقی کے معاملے پر تبادلہ خیالات کیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر پائیدار اداروں اور زیادہ مربوط معاشرے کے قیام، بہتر گورننس اور صنفی مساوات کے قیام کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ قانون کی حکمرانی، کرپشن کے خاتمے، اقتصادی ترقی اور سماجی ترقی طویل المیعاد اور پائیدار ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صنفی مساوات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہماری ورک فورس میں اب زیادہ سے زیادہ خواتین شامل ہو رہی ہیں اور حکومت نے خواتین کے حقوق کو تحفظ اور ان کو اقتصادی اور سماجی طورپر بااختیار بنانے کے حوالے سے قانون سازی کی ہے۔ پاکستان حقوق انسانی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے اور اقلیتوں کے ساتھ اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے۔ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے بتایا کہ نوجوان خاص طورپر وزیر اعظم کےمرکز نظر ہیں اور ان کی اقتصادی ترقی کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ پاک چین اقتصادی کوریڈور کے حوالے سے وزیر خارجہ نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے دوررس نتائج تیزی سے سامنے آرہے ہیں اور اس سے پاکستان علاقے میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ انھوں نے دولت مشترکہ کے وزرا کو قومی ترقیاتی حکمت عملی کے بارے میں بھی بتایا۔ انھوں نے بتایا کہ پائیدار ترقیاتی مقاصد ویژن 2025 سے پوری طرح مربوط ہے، وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے غربت کے خاتمے کیلئے احساس کے نام سے حال ہی میں ایک جامع پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کا محور افغان جنگ سے متاثرہ علاقے ہوں گے۔ انھوں نے شرکا کو دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلئے مالی امداد کی فراہمی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر اس تنظیم سے وابستگی اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر پاکستان کی جانب سے ایک یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔ پاکستان اس طرح کا اعلان کرنے والا تنظیم کا واحد ملک بن گیا۔ تمام مندوبین نے اس اعلان کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی۔

تازہ ترین