• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار

رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پاکستان رینجرز (سندھ) کے اعلامیہ کے مطابق کلر ی کے علاقے میں رینجرزنے کارروائی کرتے ہوئے ملزم فاروق کو گرفتار کیا جس کا تعلق لیاری گینگ وارسے ہے۔ ملزم علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔

شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں رینجرز نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران ملزم حیدر علی عرف جہانزیب عرف فوجی کو گرفتار کیا جبکہ اتحاد ٹاؤن اور زمان ٹاؤن کے علاقوں میں رینجرز نے 3 ملزمان آصف، فہیم اختر اور اجمل حسین کو گرفتار کرلیا جو لوگوں سے لوٹ مار، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمد کی گئی ہے، ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دریں اثناء اندرون سندھ پانی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران  رینجرز نے  ڈسٹرکٹ ٹنڈو محمدخان کے علاقے گجا واہ کنال، ڈسٹرکٹ سجاول کے علاقے ماچھکی کنالRD-35 سے RD-45، ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ کے علاقے ناری چھاچھ کنال RD-26سےRD-52، ڈسٹرکٹ نواب شاہ کے علاقے قاضی احمد/ سکرنڈ میں مین رین اورچھوٹی رین اور ہالا ناکہ حیدرآباد کے قریب اکرم  واہ کنال کے ایریا میں پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز، موگھے اور نلکوں کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 129کلو میٹر نہری علاقے کے 51 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن،موگھے اور نلکوں کو ہٹایا گیا جبکہ 9 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج بھی کروائی گئی۔

علاقے کے کاشت کاروں نے رینجرز، محکمہ آبپاشی اور پولیس کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

تازہ ترین