• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشیرتعلیم کا دورہ پشین،غیر حاضرعملے کو شوکاز نوٹس،بعض اساتذہ معطل

کوئٹہ(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے ہفتہ کو کوئٹہ اور پشین کے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا۔ غیر حاضری،فرائض میں غفلت اور تعلیمی اداروں میں صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول شہید شیر محمد پشین کے عملے پربرہمی کا اظہارکیا۔ مشیر تعلیم نے اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کا حکم اورغیر حاضرعملے کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی حکم دیا جبکہ بعض اساتذہ کے معطلی کے احکامات بھی جاری کردئیے گئے، صوبائی مشیر نے ایلیمنٹری کالج پشین کی ناگفتہ بہ صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے پرنسپل کی سرزنش اور طلباء کی بڑی تعداد میں غیرحاضری پر انکوائری کا حکم دے دیا۔ دورے کے موقع پر پشین سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین بھی صوبائی مشیر کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ اساتذہ کی غیرحاضری اور تدریسی عملے کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ غفلت کے مرتکب اساتذہ کو سخت محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ جام کمال خان کی ہدایات اور تعلیم دوست پالیسیوں کی وجہ سے صوبے میں تعلیم کے معیار میں کافی بہتری آئی ہے۔ ماضی میں تعلیم کے شعبے میں من پسند افراد کو نوازنے کی وجہ سے اس شعبے کو ناقابل تلافی نقصان اٹھان پڑا جس کا خمیازہ آج بھی ہماری نسلیں بھگت رہی ہیں۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ محکمے کو ٹھیک کرکے ہی دم لیں گے۔درایں اثناء صوبائی مشیر نے ڈائریکٹر پائیٹ اعجاز بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مشن روڈ اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول شفیق احمد خان کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کے ساتھ تدریس کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر مشیر تعلیم نے پائیٹ میں جاری CPD ٹریننگ کے شرکاء سے ٹریننگ کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے اور ان کے مسائل بھی سنے، صوبائی مشیر نے شرکاء سے گفتگو میں کہا کہ اساتذہ کی مؤثر ٹریننگ سے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔اس سے تدریسی عمل میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔
تازہ ترین