• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کوچز کی چھٹی،کرکٹ بورڈ نے نئی درخواستیں طلب کرلیں

لندن(نمائندہ خصوصی) کرکٹ ورلڈکپ ایشیائی ٹیموں کے لئے مایوس کن ثابت ہوا۔ بھارت کو سیمی فائنل میں شکست ہوئی جبکہ پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان کی کارکردگی بھی خراب رہی۔ لیکن پانچوں ایشیائی ٹیموں میں قدرے مشترک چیز یہ رہی کہ ورلڈ کپ کے بعدان ٹیموں میں بڑے پیمانے پرتبدیلیاں ہورہی ہیں۔ منگل کو بھارتی کرکٹ بورڈ نے روی شاستری کو منیجر اور کوچ کی چھٹی کا اشارہ دے دیتے ہوئے نئے کوچنگ اسٹاف کے لئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ بی سی سی آئی کی ایڈوائزری کمیٹی نئے کوچز کا تقرر کرے گی۔ موجودہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں45 دن کی توسیع دی گئی ہے تاکہ وہ اگست ستمبر میں بھارتی ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرسکیں۔ موجودہ کوچز بھی درخواست دے سکتے ہیں ۔ تین ستمبر کو ویسٹ انڈیز کی سیریز ختم ہوگی۔ پندرہ ستمبر سے بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں حصہ لینا ہے۔ روی شاستری کو انیل کمبلے کی جگہ ہیڈ کوچ اور منیجر بنایا گیا تھا وہ کپتان ویرات کوہلی کے سب سے قریب تصور کئے جاتے ہیں۔ بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کیلئے امیدوار ساٹھ برس سے کم کا ہو اور اسے دو سال کی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ ضروری ہے۔ بورڈ نے بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فزیو تھراپسٹ،اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ اور انتظامی منیجر کے عہدوں کے لئے دلچسپی رکھنے والوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ 2017میں جب روی شاستری کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا اس وقت تقرری کے لئے نو شرائط رکھی گئی تھیں اس بار تین نکاتی شرائط کو ہیڈ کوچ، بیٹنگ اور بولنگ کوچ کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس وقت بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری، بھرت ارون بولنگ کوچ، سنجے بانگر بیٹنگ کوچ اور روی سری دھر فیلڈنگ کوچ ہیں۔ بھارتی ٹیم کا تمام اسٹاف بھارتیوں پر مشتمل ہے۔
تازہ ترین