کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر حنیف خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم تشکیل نو کے مراحل میں ہے اور زیادہ تر نئے کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں وکٹری اسٹینڈ پر آنے کا دعویٰ اور وعدہ نہیں کر سکتے ہیں، یہ ایونٹ نئے کھلاڑیوں کو تجربہ دلانے میں مدد گار ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اچھے نتائج حاصل کریں مگر قوم کو جیت اور میڈل کے حوالے سے خوش فہمی میں نہیں رکھنا چاہتے ہیں، نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں جائیں گے، ہمارا اصل ہدف اگلے سال ہونے والا ورلڈ کپ کا کوالیفائی رائونڈ ہے جس میں اچھی کارکردگی سے سے اس اہم ایونٹ میں رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ آ سان نہیں ہوگا اس میں بھارت اور کوریا کی مضبوط ٹیمیں ہمارے لئے خطرہ بن سکتی ہیں، انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں کھلاڑی تین گھنٹے صبح اور تین گھنٹے شام کے سیشن میں پریکٹس کررہے ہیں جس میں ان کی خامیوں کو دور کرنے پر محنت کی جارہی ہے، حنیف خان نے بتایا کہ ایم رضوان اور ایم راشد اگلے ہفتے کیمپ جوائن کریں گے وہ ان دنوں پی ایچ ایف کی اجازت سے ہالینڈ میں لیگ کھیلنے گئے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ محمد عرفان نے کیمپ میں رپورٹ کردی ہے،نئے کپتان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اس کھلاڑی کو کپتان بنائے گی جو سنیئر ہوگا، واضح رہے کہ اس دوڑ میں راشد، عرفان اور حسیم خان شامل ہیں۔