کراچی،لاہور،اسلام آباد،سکھر(اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ،مانیٹر نگ سیل) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا اور کہا کہ شاہد خاقان کا قصور یہ ہے کہ وہ نواز شریف کا ساتھی ہے،گرفتاری کا طریقہ بھونڈا،عمران خان کو یہ سودامہنگا پڑیگا،مریم نواز نے کہاکہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہونیوالا ایک اوروزیراعظم گرفتارکرلیاگیا،مریم نواز جبکہ بلاول بھٹو زرداری نےکہاکہ غیر قانونی ہتھکنڈوں سے احتساب ناقابل قبول ہے، فضل الرحمن ، مریم اورنگزیب ، محمد زبیر، خورشید شاہ، خواجہ آصف، احسن اقبال، مرتضیٰ وہاب و دیگر اپوزیشن رہنمائوں نے بھی شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر مذمت کی ہے۔تفصیلات کےمطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اور حکومت کی طرف سے ن ليگ پر بھرپور وار کیا گیا ہے، آج عمران نیازی اور نیب کی ملی بھگت سے مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر بھرپور وار ہوا ہے اور ایک بھونڈے طریقے سے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا،شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کے پاس وارنٹ نہیں تھے، ڈی جی نیب نے انہیں پہلے واٹس ایپ پیغام دکھایا جبکہ پھر وارنٹ گرفتاری کی کاپی دکھا کر حراست میں لیا گیا،یہ وہ تماشا ہے جو عمران خان اور نیب کی ملی بھگت سے لگا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان نے 11ماہ میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا اور اس تباہ شدہ معیشت کے جنازے کو ان گرفتاریوں کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں اورظلم و زیادتی کرکے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، احتساب کہاں ہے، شفاف انصاف پر مبنی احتساب پاکستان میں کہاں ہے؟، یہ احتساب کے نام پر مسلم لیگ (ن)کے خلاف بدترین انتقام ہے، قوم سمجھ چکی ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں۔شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ میں کہا کہ میرے ہم وطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار کرلیا گیا ہے، جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟۔