دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے مسافر کو اس کے گمشدہ ہزاروں ڈالرز واپس کرکے ایمانداری کی مثال قائم کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈنمارک کی ایک فیملی نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور شفافت خان کی گاڑی میں سفر کیا اس دوران فیملی 21 ہزار ڈالر، موبائل فون اور پاسپورٹ گاڑی میں بھول کر روانہ ہوگئی۔
ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دبئی کے الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں نقدی اور سامان جمع کرادیا۔
دبئی پولیس نے مذکورہ فیملی سے رابطہ کرکے اسے تھانے بلایا اورگمشدہ سامان واپس کردیا۔
ڈائریکٹر الرشیدیہ پولیس اسٹیشن بریگیڈیئر سعید حماد بن سلیمان المالک نے اپنے دفتر میں تقریب منعقد کرکے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو اس کی دیانت داری پر اعزازی سرٹیفکیٹ اور ایک تحفہ پیش کیا۔
دوسری جانب ڈنمارک کی فیملی نے بھی پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا۔