• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ کےباعث برطانیہ غیرمحفوظ ہوجائےگا،سابق برطانوی فوجیوں کاانتباہ

لندن (نیوز ڈیسک)خروشجیف کے خلاف جنگ میں 23سال تک رائل ائرفورس میں خدمات انجام دینے والے برنارڈرمیلڈ نے اب اپنی نظریں بورس جانسن پر جما دی ہیں۔ برطانوی ائرفورس کے سابق اہلکار یورپی یونین سے علیحدگی کے منفی اثرات سے متنبہ کرنے کیلئے ویٹرن فار یورپ گروپ میں شامل ہوگئے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز انڈیپنڈنٹ سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یکسو ہوکر بریگزٹ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دوسری جنگیں لڑی ہیں اور اب یہ جنگ بھی لڑیں گے۔ برنارڈ رمبلڈ اب اپنے ساتھی سابق فوجیوں جن میں  خواتین فوجی بھی شامل ہیں کے ساتھ برطانیہ کو یورپی یونین میں برقرار رکھنے کے حق میں مظاہرہ کرنے کے لئے لندن آئیں گے۔ 76سالہ برنارڈ اپنے ایک دوست کے ساتھ وہیل چیئر پر مظاہرے میں شریک ہوں گے انہوں نے بتایا کہ ویٹرن فار یورپ 2017ء میں عام طور پر پائے جانے والے اس تاثر کو دور کرنے کیلئے قائم کیا گیا تھا کہ سابق برطانوی فوجیوں کی اکثریت کا تعلق دائیں بازو سے ہے اور وہ بریگزٹ کے حامی ہیں اس کے علاوہ اس کا مقصد یورپی یونین سے علیحدگی کی صورت میں برطانوی مسلح افواج کو لاحق ہونے والے ممکنہ خطرات کے بارے میں آگہی پیدا کرنا بھی ہے۔ برنارڈ رمبلڈ ائرفورس میں کم و بیش 20سالہ ملازمت کے دوران بیشتر عرصہ لنکن شائر میں تعینات رہے جو سرد جنگ کے دوران روس کے خلاف فرنٹ دفاعی لائن تھی۔ بعد میں انہوں نے فاک لینڈ کی جنگ میں بھی حصہ لیا۔ مارچ سے قبل لندن میں رائل ائرفورس کے بمبار کمان میموریل پر انڈیپنڈنٹ سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بریگزٹ سے پرامن یورپ تباہ ہوجائے گا۔ برطانوی افواج نے جسے پرامن بنانے کے لئے سخت محنت کی ہے انہوں نے متنبہ کیا کہ اس سے برطانیہ دشمنوں کے لئے ترنوالہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے حوالے سے دوسرا ریفرنڈم بہت بڑی بات ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بریگزٹ ایک نامعقول چیز ہے جسے کچرے دان میں پھینک دیا جانا چاہئے۔ ویٹرن آف یورپ کے اب ملک بھر میں سیکڑوں ارکان ہیں ان سب نے مسلح افواج میں خدمات انجام دی ہیں اور اس کی قیادت جنگ عظیم دوم میں برما میں خدمات انجام دینے والے بریگیڈیئر سٹیفن گوڈال کررہے ہیں۔
تازہ ترین