• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجرموں کیخلاف گرینڈ آپریشن کیلئے پولیس کے 15کمانڈو دستے تشکیل

پشاور (نمائندہ خصوصی) سب ڈویژنل پولیس آفیسر پبی نوشہرہ خالد خان نے کہا ہے کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس محمد علی خان گنڈاپور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ امان منصور کی ہدایت پر پولیس سٹیشن اکبر پورہ‘ پولیس سٹیشن پبی اور پولیس سٹیشن جلوزئی کے پچاس سے زائد دیہات میں مجرموں کے خلاف دائرہ تنگ کر کے آج سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کے لئے پولیس کے پندرہ کمانڈوز دستے تشکیل دے کر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ گرینڈ آپریشن کے دوران پبی سب ڈویژن کے میدانی و پہاڑی علاقوں میں چھاپے مارے جائیں گے۔ انہوں نے پولیس سٹیشن اکبر پورہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حاکم نہیں بلکہ عوام کی محافظ پاسبان اور خادم ہے مجرموں کا قلع قمع کرنا ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچانا اور مظلوموں کی داد رسی پولیس کا مشن ہے۔ اس مشن کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پولیس سٹیشن اکبر پورہ اور 20نواحی علاقوں میں منشیات فروشوں قمار بازوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کامیابی سے کلین اپ آپریشن جاری ہے۔ کھلی کچہری میں عوام کی طرف سے اکبر پورہ پولیس کی منشیات کے خلاف کامیاب مہم کو سراہا گیا۔
تازہ ترین