پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بیرونِ ملک جا کر اپنی نا اہلی کا اعلان نہیں کرنا چاہیئے، عمران خان کی واشنگٹن ڈی سی اور ڈی چوک تقریر میں کوئی فرق نہیں۔
شیری رحمان نے وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے دوران تقریر پر رد ِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جہاں بھی جاتے ہیں نفرت اور انتشار کی باتیں کرتے ہیں، وہ ماضی کی حکومتوں پر الزام لگا کر اپنی حکومت چلانا چاہتے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی جگ ہنسائی کروا رہے ہیں، امریکا میں مقیم پاکستانی یقیناً ان کی تقریر سے مایوس ہوئے ہوں گے، عمران خان نے لوگوں کو کیوں نہیں بتایا کہ11 ماہ میں کتنا قرضہ لیا ہے، میرٹ کی باتیں کرنے والا وزیرِاعظم میرٹ پر وزیر تعینات نہیں کر سکتا۔
اُنہوں نےمزید کہا کہ ملک کو درپیش مشکلات ایسی تقریروں سے ختم نہیں ہوں گی، وزیرِاعظم کے پاس الزام تراشی کے علاوہ کوئی پالیسی نہیں، آصف علی زرداری 12 سال جیل کی سختیاں کاٹ چکے ہیں، عمران خان خود اپنی پرواہ کریں۔