• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنسز ڈیانا حسنات سے شادی اور دوبچیوں کی ماں بننا چاہتی تھیں

لندن (نیوز ڈیسک) پرنسز ڈیانا ڈاکٹر حسنات احمد سے شادی کی خواہاں اور ان کی دو بچیوں کی ماں بننا چاہتی تھیں پیر کو میل آن لائن کو اپنے انٹرویو میں وسکونٹیس بانگور اور ڈیانا سمیت متعدد رائل بائیو گرافیز (سوانح حیات) کی مصنفہ سارہ بریڈفورڈ نے یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات وثوق سے نہیں کہہ سکتی کہ ڈیانا حسنات سے شادی کرنا چاہتی تھیں یا پھر وہ صرف ڈاکٹر کے کیریئر میں مدد کی خواہاں تھیں۔ ڈاکٹر حسنات پاکستان کے شہر جہلم میں پیدا ہوئے، تاہم انہوں نے لندن کے امپیریل کالج سے تعلیم حاصل کی اور رائل برامپٹن ہسپتال اور لندن چیسٹ اسپتال میں کام کیا، اسی دوران ان کی ڈیانا سے ملاقات ہوئی۔ اس جوڑے میں ڈیانا کے پیرس میں کار حادثے میں افسوسناک ہلاکت سے چند ماہ قبل علیحدگی ہوئی۔ اپنے انٹرویو کے دوران مسز بریڈفورڈ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پرنسز ڈیانا ڈاکٹر خان سے شادی کی تیاریوں میں تھیں اور ان سے اولاد کی بھی خواہاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ جب ڈیانا ڈاکٹر کرسچین برنارڈ سے ایک ڈنر میں ملیں تو انہوں نے ڈاکٹر برنارڈ سے کہا کہ وہ ڈاکٹر خان سے شادی کرنا اور ان کی دو بچیوں کی ماں بننا چاہتی ہیں۔ اسی حوالے سے ڈیانا لاہور بھی گئیں اور ڈاکٹر حسنات کی فیملی سے بھی ملیں۔ شہزادی نے دل اور پھیپھڑوں کے ماہر ڈاکٹر حسنات کی ملازمت کیلئے کوششیں بھی کیں۔ بعدازاں انہوں نے ڈاکٹر برنارڈ سے رابطہ کر کے ڈاکٹر حسنات کی بیرون ملک ملازمت کے مواقع پر بھی گفتگو کی اور ڈاکٹر حسنات کو اس معاملے پر صلاح مشورے کیلئے کینسینگٹن پیلس میں بھی مدعو کیا۔ تاہم ڈاکٹر حسنات نے اس معاملے میں کسی پیشرفت کو منظور کرنے سے انکار کردیا، مشکل یہ تھی کہ حسنات انگلینڈ نہیں چھوڑنا چاہتے تھے، کیونکہ وہ مغدی یعقوب کی زیر نگرانی اپنی پی ایچ ڈی مکمل کر رہے تھے، اس لئے وہ ڈیانا کی جانب سے اس پیشکش پر برہم ہوئے، یہ ان تنازعات میں سے ایک مسئلہ تھا، جو اس جوڑے کے درمیان تھے اور جس کی بنا پر اس جوڑے میں علیحدگی ہوئی۔ مسز بریڈفورڈ نے مزید بتایا کہ ان تعلقات کے خاتمے کے صرف چند ماہ میں ڈیانا کی ڈوڈی الفائد سے دوستی ہوگئی۔ تاہم ڈیانا کی موت کی تحقیقات میں ڈاکٹر حسنات نے انکوئسٹ کو بتایا کہ انہوں نے آپس میں شادی کی بات کی تھی، تاہم وہ (ڈاکٹر حسنات) میڈیا سے خوفزدہ تھے۔ ڈاکٹر خان نے 2006میں ہادیہ شیر علی سے پاکستان میں شادی کرلی تھی، جو دو برس بعد ہی طلاق پر ختم ہوگئی۔ پرنسز ڈیانا کی 1981 میں شہزادہ چارلس سے شادی ہوئی تھی، جس سے ان کے دو بیٹے ڈیوک آف کیمبرج پرنس ولیم اور ڈیوک آف سسیکس پرنس ہیری ہیں۔ یہ شادی 1996میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔
تازہ ترین