جب آپ کے جسم میں حرارت بڑھتی ہے تو جِلد سرخ ہو جاتی ہے یا سوزش ہونے لگتی ہے۔ ہم کبھی کبھا ر اپنے جسم کے اند ر ہونے والی جلن کو محسوس نہیں کرپاتے جب تک کہ بے چینی محسوس نہ کرنے لگیں لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ اس مسئلے کا حل موجود ہے۔ جب ہم کھانا کھاتے ہیں تو غذائیں ہمارے جسم میں جلن یا سوزش کے خلاف لڑتی ہیں یا پھر اس کا سبب بن جاتی ہیں۔ اگر آپ ایسی غذائیں کھانا چاہتے ہیں، جس سے جسم میں جلن یا سوزش نہ ہو تو آپ کو نباتاتی غذائوں جیسے کہ پھل، سبزیوں، دالوں، ڈرائی فروٹس وغیرہ پر زیادہ انحصا ر کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ پروٹین کے لیے ایسے جانوروں کا گوشت کھائیں جو ہری گھاس کھلا کر پالے گئے ہوں۔ آئیں کچھ ایسی غذائوں کا ذکر کرتے ہیں، جو آپ کو جلن یا سوزش جیسے مسئلے سے دور رکھ سکتی ہیں۔
پائن ایپل
پائن ایپل یا انناس میں وٹامن سی کے علاوہ ایک انزائم بروملین (bromelain)موجود ہوتاہے، جو پروٹین کو ہضم کرنے، انفلیمیشن دور کرنے اور قوت مدافعت بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ اپنی فروٹ پلیٹ، اسموتھیز یا جوس میں انناس کا اضافہ کرنے سے آپ کو ہاضمے کا نظام درست اور قوت مدافعت بہتر کرنے میں بہت مدد ملےگی۔
سامن مچھلی
ٹھنڈے پانی کی یہ مچھلی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، جس سے انفلیمیشن کے خلاف مزاحمت، دائمی بیماریوں کو کم کرنےاور دماغی حالت بہتر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سامن مچھلی میں پروٹین بھی بھرپور مقدار میں ہوتاہے، اس کے علاوہ دیگر وٹامنز اور منرلز بشمول وٹامن B12، B3اور وٹامن D، پوٹاشیم اور سلینیم بھی پائے جاتے ہیں۔ اس کا سالن بنائیں، فرائی کریں یا پھر گرل کرکے کھائیں، اس کی افادیت اور ذائقہ ہمیشہ آپ کو مزہ دے گا۔
مشروم
اینٹی مائیکروبیل (ننھے جراثیم کے خلاف لڑنے والے)، اینٹی وائرل ( لگنے والے عوارض کےخلاف مزاحمت) اور اینٹی انفلیمیشن (جلن اور سوزش کا باعث نہ بننا) خصوصیات رکھنےوالے مشرومز میں کئی ایسے کمپائونڈ ز ہوتے ہیں، جو آپ کی قوت مدافعت کو بہتر کرنے اور پورے جسم میں انفلیمیشن کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
مشروم میں لونگ چین پولی سیچرائڈز (long-chain polysaccharides) ہوتے ہیں، جو مضبوط مدافعتی نظام کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ مشرومز میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ارگوتھیونین (ergothioneine) ہوتا ہے، جو انفلیمیشن سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔ مشروم پروٹین، فائبر اورمختلف وٹامنز خصوصاً وٹامن بی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔
بروکولی
بروکولی وٹامن سی، وٹامن کے، فولیٹ اور فائبر سے بھرپور ہونے کے باعث بہترین اینٹی انفلیمیٹری خصوصیت رکھتی ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹ افادیت رکھنے والی بروکولی کو ادرک کےساتھ کھانے سے یہ آپ کیلئے زبردست اینٹی انفلیمیٹری غذا بن جائے گی۔
بلو بیریز
بلو بیریز میں شکر کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے۔ یہ وٹامن اے، سی اور ای سمیت بہت سی اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے۔ اپنی صبح کی فروٹ پلیٹ یا گرین پروٹین اسموتھیز میں بلو بیریز شامل کریں اور پورا دن مزےسے گزاریں۔
گرم مسالے
عام تاثر تو یہی ہے کہ گرم مسالوں سے جسم میں جلن پیدا ہوتی ہے جبکہ ہوتا اس کے برعکس ہے کیونکہ گرم مسالے اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔ مثلاً ہلدی کو ہی لے لیجئے جو تقریباً ہر کھانے میں ڈالی جاتی ہے، اس کے اندر موجود کرکیومِن (curcumin) بہترین اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات رکھتاہے، اسی وجہ سے ہلدی صدیوں سے دوائوں میں استعمال ہورہی ہے۔
ادرک میں بایو ایکٹو کمپائونڈ جنجیرول ہوتا ہے، جو جلن اور سوزش سے بچاتاہے۔ ادرک نہ صرف بیماریوں سے لڑنے والی قوت مدافعت میں اضافہ کرتاہے بلکہ انفلیمیشن سے بھی لڑتاہے۔ لہسن میں موجود سلفر کمپائونڈز قوت مدافعت کو بڑھاتے ہوئے بیماریوں اور انفلیمیشن سے لڑتے ہیں۔ اس میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگس خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔