رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران منشیات فروشی اور ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان رینجرز (سندھ) کے اعلامیہ کے مطابق کلاکوٹ اور کلری کے علاقوں میں رینجرز نے 2 ملزمان عبدالباقر عرف رحمان اور عبید عرف شہزاد کو گرفتار کیا جن کا تعلق لیاری گینگ وار (زاہد لاڈلا گروپ) سے ہے۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔
فیروز آباد اور ملیر سٹی کے علاقوں سے 3 ملزمان محمد یونس عرف ٹڈا، محمد نعیم اور فاروق عرف لاہوتی کو گرفتار کیا جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمدکی گئی ہے، ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
دریں اثناء پاکستان رینجرز (سندھ) نے اندرون سندھ ڈسٹرکٹ بدین کے علاقے گنی برانچ RD-186 سے RD-210، مانک کنال RD-227 سے RD-271 اور ڈسٹرکٹ سجاول کے علاقے دھارو RD-36 سے RD-49 اور شیخا واہ کنال RD-0 سے20-RD کے ایریا میں پانی چوری کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 56کلو میٹر نہری علاقے کے 63 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن، موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا جبکہ پانی چور ی میں ملوث57 افراد کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج بھی کروائی گئی۔
علاقے کے کاشت کاروں نے محکمہ آبپاشی، رینجرز اور پولیس کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔