کراچی(اسٹاف رپورٹر) عبدالستارہاکی اسٹیڈیم پرجاری 65 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں چھٹے روز اتوار گولوں کی بارش تھم گئی۔ پانچ میچوں میں 33گول بنائے گئے، واپڈا وائٹ نے بلوچستان کو 1-8 گول سے شکست دی ۔ زاہد اللہ نے 5 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، رانا وحید، عدنان بابر اور سلیمان نے ایک ایک گول اسکور کیا، بلوچستان کاواحد گول منور نے کیا۔ پاکستان ایئرفورس نے اسلام آباد کو6 گول سے شکست دی، مشتاق نے 3، مزثر ، محسن اور عبدالخالق نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ نیشنل بینک نے کے پی کے کو 3 گول سے ہرایا۔ ارسلان قادر نے دو جبکہ جنید منظور نے ایک گول کیا۔ سوئی سدرن گیس نے سندھ کو1-9 سےمات دی۔ رانا سہیل اور مبشر علی نے3، 3گول کے ساتھ ہیٹ ٹرک بنائی ، علی شان، عدیل اور ایم رضوان نے 1،1 گول کیا، سندھ کا گول سردار چانڈیو نےکیا۔ پاکستان آرمی وائٹس نے پنجاب کو2-4 سے ٹھکانے لگایا، آرمی وائٹ کے عامر سہیل نے دو گول جبکہ ایم احسان اور ایم فیضان نے 1،1گول اسکور کیا، پنجاب کی طرف سے حسین اور ایم ارسلان نے گول کیے۔ چیمپئن شپ میں اب تک ہونے والے 277 میں سے 254 گولز فاتح سائیڈز نے کیے ہیں۔