• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھوٹکی: ڈاکو موسولولائی کے گھر پر چھاپہ، فائرنگ سے بچے سمیت 3جاں بحق

گھوٹکی(نامہ نگار) جیکب آباد کے علاقہ ٹھل کے مقام سے 9 سال قبل اغوا ہونے والی لڑکی فضیلہ سرکی کی گھوٹکی میں موجودگی کی اطلاع پر شکار پور پولیس اور گھوٹکی پولیس نے بدنام ڈاکو موسو لولائی کے گھر آفتاب کالونی پر چھاپہ مارا جس کے بعد پولیس اور لولائی برادری کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے باعث چار گھنٹے تک علاقہ میدان جنگ بنا رہا جس کے باعث شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مارکیٹیں بند ہو گئیں۔فائرنگ کے دوران ایک بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والے بچے کی شناخت شاہزیب چنہ اور دیگر افراد کی شناخت سانول لولائی اور عبدالحق کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کارروائی کے دوران کچھ مرد و خواتین کو تحویل میں لینے کی اطلاع ملی ہے اس سلسلے میں ایس ایس پی گھوٹکی ثاقب سلطان المحمود نے تھانہ اے سیکشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مغوی لڑکی فضیلہ سرکی کی موجودگی کی اطلاع پر شکارپور پولیس نے کارروائی کی ہے جبکہ گھوٹکی پولیس نے شکارپور پولیس کی معاونت کی ہے ہلاک ہونے والے دو افراد سانول اور عبدالحق لولائی ڈاکو تھے جس پر کئی مقدمات درج ہیں جبکہ پولیس کارروائی کے دوران دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے دو کلاشنکوف اور ایک پستول کے علاوہ موٹر سائیکلیں بھی ملی ہیں جبکہ ڈاکوئوں کے خلاف مقدمہ تھانہ اے سیکشن میں درج کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین