کراچی (اسٹاف رپورٹر) 65 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں صوبائی ٹیموں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ انہیں پہلے ہی مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔منگل کو ہونے والے میچوں کے تمام ڈیپارٹمنٹل ٹیموں نے کوارٹر فائنل مرحلہ میں جگہ حاصل کی۔ پول اے سے آرمی اور این بی پی، پول بی سے واپڈا، پول سی سے ایس ایس جی سی اور پی آئی اے جبکہ گروپ ڈی سے نیوی اور واپڈا وائٹس نے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا حق پالیا۔ ایونٹ کی آخری کوارٹر فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ بدھ کو آرمی وائٹس اور ایم پی سی ایل کے درمیان مقابلے کے بعد ہوگا، واپڈا وائٹس اور پورٹ قاسم کے درمیان میچ محض رسمی ہو گا۔ منگل کو کھیلے گئے 4 میچز میں واپڈا نے آرمی وائٹس کو1-5 سے ہرا دیا۔ ایس ایس جی سی نے پی آئی اے کو 2-3 سے ناکام کیا۔ واپڈا وائٹس نے ریلویز کو 1-5 سے مات دی جبکہ این بی پی اور آرمی کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ نیشنل بینک اور پاکستان آرمی کے درمیان میچ کے دوران قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رضوان سینئر ماتھے پرگیند لگنے سے زخمی ہوگئے اور فیلڈ چھوڑ کر چلے گئے، انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ کوارٹر فائنلز جمعرات کو ہوں گے۔