ڈپریشن یعنی اُداسی، دباؤ، پژمردگی اور سستی دورِ جدید کی تیز رفتار اور اعصاب شکن زندگی کا تحفہ ہے، جو ہر ایک پر مختلف انداز میں حملہ آور ہوتا ہے۔ کبھی یہ گہری اُداس کا موجب بنتا ہے تو کبھی تنہائی و غم یا انتہائی دبائو کی صورت میں آپ کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ ڈپریشن کے علاج اور ادویہ کے استعمال کے ساتھ ہمیں ذہنی صحت کو متوازن رکھنے کی ضرورت بھی پڑتی ہے۔ اس وقت ہم جس تیز رفتار دنیا میں جی رہے ہیں وہاں ہر دوسرا شخص ڈپریشن کا شکار نظر آئے گا۔ آپ کو چہارسو بہت کم لوگ ملیں گے جو اشک شوئی کر سکیں، ایسے لوگ ’’ترغیبی و حوصلہ افزا مقرر (Motivational Speaker) کہلاتے ہیں۔ ڈپریشن کو بھگا کر دل میں نئی امنگ جگانے کی بات ہو یا کیریئر بلڈنگ کونسلنگ اب مشورے کی دنیا بھی کمرشل ہو چکی ہے، جس کا مشاہدہ آپ حوصلہ افزا کتابوں کی صورت کرتے ہیں، جن میں پوشیدہ مشورے آپ کی زندگی پلٹ سکتے ہیں لیکن کتاب پڑھنے کے لیے مطالعہ میں دلچسپی ہونا بہت ضروری ہے۔ تاہم ، یہی کچھ اب بلاقیمت آپ کے اینڈرائیڈ اور آئی فون پر ایپ کی شکل میں دستیاب ہے۔ آئیے ڈپریشن کو بھگا نے میں مدد دینے والی چند بہترین ایپس کا ذکر کرتے ہیں۔
Moodpath: ڈپریشن اور انزائٹی ٹیسٹ
آئی فون اور اینڈرائیڈ پر دستیاب یہ فری ایپ آپ کی ذہنی صحت کا نقشہ بناتے ہوئے آپ کے موڈ کا تعین کرتی ہے۔ اس میں جذباتی فلاح و بہبود کیلئے 14دن کا سوال نامہ ہے، جن کے جوابات آپ کو علاج معالجے کے حوالے سے مایوسی کے بھنور سے نکال کر اُمید کے حلقے میں لے آئیں گے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ آپ نفسیات داں، حوصلہ گر اور پیشہ ور ماہرین سے گفتگو کر کے درد کی دوا پا سکتے ہیں۔ اس میں شامل 150سے زائد مشقیں آپ کی ذہنی صحت کو تروتازہ رکھنے میں جادوئی اثر رکھتی ہیں۔ ڈپریشن اور انزائٹی ٹیسٹ کے دوران ہی امید کے شگوفے کھل کر آپ کے چہرے پر خوشیوں کے رنگ بکھیر دیں گے۔
Talklife : ہم نوا گروپ
آئی فون اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فون پر دستیاب یہ بھی فری ایپ ہے، جس کے ذریعے آپ ڈپریشن کی وجوہات کے بارے میں احباب اور ماہرین سے گفتگو کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ کنکشن اور کمیونٹی سپورٹ پیش کرتی ہے، جہاں ہزاروں لوگ آپ سے گفتگو کرنے، سننے اور مدد کرنے کے لئے موجود ہیں۔ اگر آپ اپنی اُداسی کا سبب بتانے کیلئے ہم راز چاہتے ہیں تو گروپ سیٹنگ میں یہ سہولت بھی موجود ہے،جہاں ماہرین نفسیات سے کھل کر دل کی بات کی جاسکتی ہے۔
Daylio : مزاج آشنا
اگر آپ کے موڈ یا مزاج میں اُتار چڑھاؤ کی کیفیت پائی جاتی ہے تو یہ مزاج آشنا بلاقیمت ایپ آپ کے لئے موڈ ٹریکر کا کام کرتے ہوئے روزمرہ سرگرمیوں اور موڈز کی تفصیلات کو گرافکس کے ذریعے ایپ میں اسٹور کردیتی ہے، جس سے آپ موڈ کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔ یہ سہولت آئی فون، اینڈرائیڈ میں مفت دستیاب ہے۔
Youper : مشیر مصنوعی ذہانت
یہ ایپ آپ کے لئے مصنوعی ذہانت کے مشیر کا کام کرتے ہوئے ڈپریشن کو دور کرنے کیلئے صائب مشورے دیتی ہے۔ اس کے علاوہ سوچ کے انداز کو تبدیل اور رویوں میں توازن لانے میں بھی معاون و مددگار ہوتی ہے۔ تاہم اس میں دی گئی تیکنیکس آپ کے جواب کی منتظر رہتی ہیں۔ اسے آپ گفتگو اور تعلقات عامہ کے فروغ کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ آئی فون اور اینڈرائیڈ سسٹم پر بلاقیمت ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔
Depression CBT
اس میں اپنی مدد آپ کے تحت کگنیٹو بیہورئیل تھراپی (CBT) پر مبنی بین الاقوامی مضامین، ایک ڈائری کی طرح آپ کی دل بستگی کے لیے موجود ہیں۔ موڈ ٹریکنگ اور موٹیویشنل فیچرز سے بھرپور یہ ایپ آپ کا موڈ اچھا کرنے کا خزانہ ہے۔ اس میں موجود ڈپریشن ٹیسٹ آپ کو یہ بتاتا ہے کہ اس وقت آپ کس جگہ کھڑے ہیں۔ یہ ایپ صرف اینڈرائیڈ سسٹم پر بلاقیمت دستیاب ہے۔
Pacifica
آئی فون اور اینڈرائیڈ پر بلاقیمت دستیاب یہ ارتکاز توجہ کو بہتر بنانے والی ایپ ہے۔ اس کی مدد سے آپ اپنے احساسات و جذباتی کو جان کر قبولیت و امن کی شاہراہ پر آتے ہیں۔ ماہر نفسیات کی طرف سے بنائی گئی اس ایپ میں کئی معاون تیکنیکس یعنی ویژولائزیشن، مائنڈ فل نیس میڈی ٹیشن اور مسل ریلیکسیشن شامل ہیں، جو ذہنی تنائو دور کر کے ڈپریشن کو مار بھگاتی ہیں۔
Happify
نام ہی سے خوشی کا احساس دلانے والی آئی فون اور اینڈرائیڈ پر دستیاب اس ایپ میں آپ کی اُداسی دور کرنے کیلئے کئی گیمز دیئے گئے ہیں۔ پازیٹو ٹیکنالوجی، مائنڈ فل نیس اور CBTپر مبنی گیمز ڈپریشن، پریشانی و الجھن اور دبائو ختم کرکے جسم و روح میں توانائی پیدا کردیتے ہیں۔