وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہو رہی، سب صاحبِ حیثیت سینٹرز ہیں، حکومت کے پاس سیاسی تعویز بھی ہوتے ہیں۔
صبح سویرے سکھر ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں جو بھی جیتے یا ہارے جمہوریت کمزور ہو گی، دیوار کے پیچھے جو حالات ہیں وہ بیان نہیں کر سکتا، پاکستان ایک امتحان سے گزر رہا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ بیورو کریسی کام نہیں کر رہی مگر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہوں، عثمان بزدار کا سب سے بڑا حامی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ نیب قوانین میں سرکاری افسران کے لیے قانون لانا چاہیے، نیب قوانین کی وجہ سے سرکاری افسران ڈرے ہوئے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ان سب کے ہاتھ گند میں بھرے ہیں جو قوم کے چہرے پر ملنے جا رہے ہیں، یہ مر جائیں گے مگر پیسے نہیں دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے جو لیز پر زمینیں لی ہیں وہ اُن سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔