پھیپھڑوں کا سرطان ایک انتہائی مہلک اور جان لیوا مرض ہے اور دنیا بھر میں ہر سال کینسر سے ہونے والی ہر پانچ میں سے ایک موت پھیپھڑوں کے سرطان کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس کے بارے میں آگاہی کے لیے دنیا بھر میں ہر سال یکم اگست کو پھیپھڑوں کے سرطان کا عالمی دن منا یا جاتا ہے۔
ہماری چھاتی کے اندر دو پھیپھڑے موجود ہوتے ہیں، جو سانس لینے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔
آکسیجن کا حصول
جب ہم سانس اندر کھینچتے ہیں، تو آکسیجن ناک یا منہ سے ہوا کی نالی (نرخرہ) کے ذریعے ہمارے اندر جاتی ہے۔ یہ دو نالیوں (جنہیں دایاں برونکس اور بایاں برونکس کہا جاتا ہے) میں تقسیم ہوکر پھیپھڑوں میں جاتی ہے۔ پھر یہ مزید چھوٹی نالیوں (برونکیولز) میں تقسیم ہو جاتی ہے۔ برونکیولز کے آخری سروں پرلاکھوں کی تعداد میں چھوٹی چھوٹی ہوا کی تھیلیاں موجود ہوتی ہیں، جنھیں ’الویوالئی‘ کہا جاتا ہے۔ یہ وہ جگہ ہوتی ہے، جہاں سے آکسیجن خون میں جاتی ہے۔
پھیپھڑوں کا سرطان
جسم کے تمام حصے چھوٹے خلیوں سے مل کر بنتے ہیں۔ پھیپھڑوں کا سرطان اس وقت ہوتا ہے، جب ان میں موجود خلیے بےقابو انداز میں بڑھنا شروع ہو جاتے ہیں اور ایک ڈھیر بنا لیتے ہیں، جسے گلٹی کہا جاتا ہے۔ پھیپھڑوں کے سرطان کی دو بنیادی اقسام ہوتی ہیں:
• - پھیپھڑوں کا نان اسمال سیل کینسر، یہ عام ترین قسم ہے۔
- پھیپھڑوں کا اسمال سیل کینسر، پھیپھڑوں کا ہر 7میں سے 1کینسر اس قسم کا ہوتا ہے(تقریباً 15فیصد پھیپھڑوں کے کینسر)۔
وجوہات
پھیپھڑوں کے زیادہ تر کینسر سگریٹ نوشی کی وجہ سے لاحق ہوتے ہیں۔ لیکن پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہونے والے 10میں سے 1شخص(یعنی10فیصد) نے کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی ہوتی۔ حقہ، سگار یا دیگر نشہ کرنے سے بھی آپ کے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کا امکان بڑھ جاتاہے۔
تمباکو نوشی
اگر آپ سگریٹ نوشی کرتے ہیں، تو آپ کا ڈاکٹر اسے ترک کرنے کا مشورہ دے گا۔ یہ آپ کے علاج کے اثر کو تیز اور ضمنی اثرات کو کم کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی آپ کی طویل مدتی صحت کو بھی بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
خطرے کے دیگر عناصر
عمر:80فیصد پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص 60سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ہوتی ہے۔
موروثی خطرہ:اگر آپ کے کسی قریبی رشتہ دار کو پھیپھڑوں کا کینسر ہوا ہو تو آپ کو زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ پھیپھڑوں کا کینسر انفیکشن نہیں کرتا۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ دوسرے لوگوں تک نہیں پھیلتا۔
علامات
پھیپھڑوں کے کینسر کی علامات کا ذکر کریں تو ان میں شامل ہیں؛ایسی کھانسی جو تین ہفتے یا زیادہ عرصے تک رہے، طویل عرصے سے ہونے والی کھانسی میں کوئی تبدیلی، چھاتی کا انفیکشن جو ٹھیک نہ ہورہا ہو، سانس اکھڑنے میں اضافہ اور خرخراہٹ، بلغم میں خون آنا، آواز میں کھردرا پن، کھانسی کے دوران ہلکا یا تیز درد، بھوک یا وزن میں کمی آنا، نگلنے میں دشواری، بہت زیادہ تھکاوٹ اور سستی۔
اگر آپ کو ان میں سے کسی بھی علامت کی شکایت تین ہفتوں سے زیادہ رہے، تو ڈاکٹر کو دِکھانا ضروری ہوتا ہے۔ یہ تمام علامات کینسر کے علاوہ کسی اور عارضے کی وجہ سے بھی سامنے آ سکتی ہیں۔
تشخیص
اگر ڈاکٹر سمجھے گا کہ یہ پھیپھڑوں کی علامات ہوسکتی ہیں تو وہ آپ کو چھاتی کے ایکسرے کے لیے فوری بھیجے گا۔ نتیجے کی بنیاد پر آپ کو کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورے یاعلاج کے لیے کسی ہسپتال بھیجا جا سکتا ہے۔ ہسپتال میں آپ کے مزید ٹیسٹ ہوسکتے ہیں جن میں برونکو اسکوپی، سی ٹی (کمپیوٹرائزڈ ٹوموگرافی) اسکین، پی ای ٹی-سی ٹی اسکین، پھیپھڑوں کی بایوپسی، لنگ فنکشن ٹیسٹ وغیرہ شامل ہیں۔
کینسر کے مختلف اسٹیج
آپ کا ڈاکٹر اس بات کا تعین کرنے کے لیے ٹیسٹ کرے گا کہ پھیپھڑوں کا کینسر کس اسٹیج پر ہے۔ کینسر کا اسٹیج آپ کو بتاتا ہے کہ یہ کتنا بڑا ہے اور آیا یہ پھیل چکا ہے یا نہیں۔ بعض اوقات کینسر کے خلیے خون اور لمفاوی نظام کے ذریعے جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل سکتے ہیں۔ کینسر کا اسٹیج جاننے کے بعد ڈاکٹر کو آپ کے لیے درست علاج کا انتخاب کرنے میں مدد ملتی ہے۔
پھیپھڑوں کے کینسر کو چار مختلف اسٹیج میں تقسیم کیا گیا ہے:
اسٹیج 1 ، کینسر چھوٹا ہوتا ہے اور صرف پھیپھڑوں میں موجود ہوتا ہے۔
اسٹیج 2یا 3 ، • کینسر پھیپھڑوں کے ارد گرد حصّوں میں پھیل چکا ہوتا ہے۔
اسٹیج 4 ، کینسر جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل گیا ہوتا ہے۔
علاج کی منصوبہ بندی
آپ کی نگہداشت صحت کی ٹیم ایسے علاج کی منصوبہ بندی کرے گی، جو ان کے خیال میں آپ کے لیےبہترین ہو۔ آپ کا ڈاکٹر یا نرس علاج کے بارے میں آپ سے بات کریں گے۔ آپ کے علاج کا منصوبہ کئی چیزوں پر منحصر ہو گا، جیسا کہ؛ 1) آپ کو لاحق ہونے والے پھیپھڑوں کے کینسر کی قسم، 2) کینسر کا مرحلہ، 3) مختلف علاج کے فوائد اور خطرات، 4) آپ کی عمومی صحت، اور 4) آپ کی ذاتی ترجیحات ۔
علاج
پھیپھڑوں کے کینسر کا علاج آپریشن (سرجری)، کینسر کی ادویات (کیموتھراپی یا ہدفی تھراپی) یا ریڈیو تھراپی سے کیا جاسکتا ہے۔ آپ کو ایک سے زیادہ اقسام کے علاج بھی دیے جا سکتے ہیں، جس کا انحصار آپ کو لاحق پھیپھڑوں کے کینسر کی قسم اور کینسر کے اسٹیج پر ہو گا۔