• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹروں کی اکثریت جب بھی مریضوں کو صحت کے حوالے سے مشورے دیتی ہے تو ان میں شہد یا لیموں کا استعمال لازمی ہوتا ہے۔ ان دونوں اشیا کو استعمال کرنے کے بے پناہ فائدے ہیں اور اگر ہم دونوں یعنی لیموں اور شہد کو ایک ساتھ پانی میں ملا کر استعمال کریں تو اس کے بہت بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔ دنیا بھر کے ڈاکٹرز اور اسپیشلسٹ نے تصدیق کی ہےکہ دن کے آغاز میں ایک گلاس پانی میں لیموں اور شہد ملاکر نوش کیا جائے تو اس کے بےشمار فوائد سے آپ بہرہ مند ہوسکتے ہیں۔ اسے بنانے کیلئے آپ ایک گلاس نیم گرم پانی میں آدھا لیموں نچوڑ کر ایک چمچ شہد گھول لیں۔ اس مشروب کو صبح نہار منہ پینے سے درج ذیل فوائد حاصل ہوں گے۔


صحت میں بہتری

آپ جب تک خود صحت مند نہیں ہوںگے ، تب تک ایک صحت مند زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہو ںگے۔ شہد اور لیموں کا یہ مکسچر آپ کے معدے کو سکون پہنچانے کے ساتھ میٹابولزم بڑھائے گا۔ اس کی وجہ سے آپ کا معدہ مستحکم رہے گا اور تمام دن ا س میں  پہنچنے والی غذا بآسانی ہضم ہوتی چلی جائے گی جبکہ پیٹ میں گیس یا قبض کے معاملات بھی ٹھیک ہو جائیںگے۔ غرض یہ نظام ہاضمہ کے افعال کو درست اور بہتر رکھتا ہے۔

قوت مدافعت میں اضافہ

کوئی بھی نہیں چاہتا کہ وہ بیمار پڑے، اگر آپ بھی بیمار ہونے سے بچنا چاہتے ہیں تو پھربیماریوں سے لڑنے والی اپنی قوت مدافعت (Immunity)کو بڑھانا یا کم از کم اسے برقرار رکھنا ہو گا۔ اس کیلئے آپ کو وقت نکال کرروزانہ ایک گلا س پانی میں شہد اور لیموں ملا کر پینا ہوگا۔ لیموں میں وٹامن سی ہوتاہے ، جو دمہ (استھما)، نزلہ زکام اور فلو کے خلاف حیرت انگیز کام کرتاہے۔

تیزابیت کی سطح برقرار رہنا

جب آپ کے جسم میں تیزابیت بہت بڑھ جاتی ہےتو اس سے انفیکشن ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگرآپ لیموں اور شہد ملا پانی پئیں گے تو اس سے تیزابیت کم ہونے میں مد د ملے گی یاتیزابیت موزوں سطح پر رہے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لیموں کے اندر موجود سٹرس اور ایسکوربک ایسڈ خون میں شامل ہوکر اس کی سطح کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ آپ جب روزانہ لیموں شہد والا پانی پئیں گے تو آپ کو خود اپنے اندر تبدیلی محسوس ہوگی۔

بڑی آنت کی صفائی

غذا کو ہضم کرنے کے دوران اس کے ذرات آنتوں میں پھنسے رہ جاتے ہیں، جن میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ شہد اور لیموں ملے پانی کا ایک گلاس پینے سے یہ سارے غذائی ذرات صاف ہوجاتے ہیں، جس سے آنتیں درست حالت میں رہتی ہیں۔

ہائیڈریشن میں بہتری

یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ آپ کے جسم کو تمام دن پانی یعنی ہائیڈریشن کی ضرورت ہوتی ہے۔ پانی کی کمی کی وجہ سے جب سستی اور کاہلی ہوتی ہے توا س سے دوران خون پر دباؤ بڑھ جاتا ہے اور قبض کی شکایت ہونے لگتی ہے۔ اس قسم کے مسائل کا حل موزوں مقدار میں لیموں اور شہد ملا پانی پینے میں ہی ہے۔

وزن میں کمی

اگر آپ اپنے وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو لیموں اور شہد ملا پانی اس حوالے سے آپ کی مدد کرسکتاہے۔ یہ جسم کی فاضل چربی گھٹا نے اور وزن میں کمی لانے کیلئے بہترین مشروب ہے۔ شہد میں میٹھا تو کافی مقدار میں ہوتاہے لیکن اس میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔ اس میں موجود نمکیات اور وٹامن معدے کو بھرا ہونے کا احساس دلاتے ہیں، جس سے بھوک بھی جلدی نہیں لگتی اور آپ زیادہ کھانا بھی نہیں کھاتے۔

جِلد کیلئے بہترین

لیموں اور شہد دونوں میں خون صاف کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ ان سے جسم میں موجود مضر صحت کیمیائی مادوں کے اخراج میں بھی مدد ملتی ہے، جس کے بعد جِلد صاف و شفاف ہونے لگتی ہے اور نیا نکھار آجاتاہے۔ لیموں جلِد کو جِلا بخشنے کیلئے بھی مشہور ہے۔

چائے سے نجات

جب آپ کو صبح اٹھنے کے بعد اپنا سر بھاری محسوس ہوتا ہے تو آ پ اس سے نجات پانے کیلئے چائے یا کافی استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اس کی جگہ نہار منہ لیموں اور شہد کا پانی پینے سے آپ کی توانائی میں اضافہ ہوگا اور آپ خود کو چاق چوبند محسوس کریں گے۔ اس کے نتیجے میں آپ کو چائے یا کافی کی طلب بھی نہیں ہوگی۔

کھانسی کا سدباب

کھانسی اورسانس کی دیگر علامات میں آ پ کو شہد اور لیموں کا مرکّب استعمال کرنا چاہئے۔ اس سے سانس کی نالیوں میں ہونے والی جلن دور ہوتی ہےاور نظام تنفس کو بیکٹیریا اور انفیکشن سے محفوظ رہنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

دیگر فوائد

شہد اور لیموں میں الیکٹرولائٹس، پوٹاشیم، کیلشیم اور میگنیشیم پائے جاتے ہیں جو جسم کو تروتازہ اور صحت مند رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ جگر کی صفائی کرنے، گلے کے انفیکشن اور سوزش سے نجات دلانے ،جسم کیلئے فائدہ مند اینٹی آکسیڈنٹ پیدا کرنے، بلڈ پریشر نارمل رکھنے ، حاملہ ماؤں کو وائرس اور فلو سے بچانے، سینے کی جلن ختم کرنے،دانتوں اور مسوڑوں کو صحت مند رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔

تازہ ترین