• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نواز، زرداری، عمران کا دورہ امریکا کتنے کا پڑا


وزیراعظم عمران خان، نواز شریف اور آصف زرداری کےدورِ اقتدار میں اُن کے امریکا کے دورے قوم کو کتنےمیں پڑے؟ تینوں دوروں پر خرچ کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

سابق صدر آصف زرداری کے ایک دورے پر 6 کروڑ سے زائد، نواز شریف کے دورے پر 5 کروڑ سے زائد اور عمران خان کے دورے پر ایک کروڑ دس لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

حکومت نے آصف زرداری، نواز شریف اور وزیراعظم عمران خان کے دوروں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

جس کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے 2009ء میں 4 سے 8 مئی تک دورہ امریکا کے دوران 4 کروڑ 84 لاکھ 77 ہزار 56 روپے خرچ ہوئے۔

آصف زرداری نے دو مئی سے 4 مئی تک برطانیہ میں ٹرانزٹ قیام کیا جس پر قومی خزانے سے ایک کروڑ 20 لاکھ 39 ہزار رروپے خرچ ہوئے۔

سابق صدر آصف زرداری نے دورے کے دوران دو لاکھ 52 ہزار 460 روپے ٹپ اور 11 لاکھ 27 ہزار 220 روپے کے تحائف پر لٹائے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2013ء میں 20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جس پر قومی خزانے سے 5 کروڑ 87 لاکھ 79 ہزار 373 روپے خرچ ہوئے۔

نواز شریف نے بھی لندن میں3 دن نجی قیام کیا، انہوں نے 5 لاکھ 34 ہزار 500 روپے ٹپ اور 9 لاکھ 97 ہزار 499 روپے تحائف پر خر چ کیے۔ نواز شریف کے وفد میں 44 افراد شامل تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے 20 جولائی سے 25 جولائی تک امریکا کا سرکاری دورہ کیا، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر صرف ایک کروڑ 10 لاکھ 51 ہزار 229 روپے خرچ ہوئے۔

وزیراعظم کے وفد کے ہوٹل اخراجات کی مد میں ساڑھے 13 لاکھ روپے اور فضائی سفر پر 60 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

دورہ امریکا میں وزیراعظم اور ان کے وفد کے کھانے پر 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ ٹپ کی مد میں 7 لاکھ 6 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان کا سرکاری جہاز، سیون اسٹار ہوٹل میں رہائش اور اہل خانہ کا کوئی خرچہ نہیں ہوا۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ کفایت شعاری کی مثال ہے جس میں قومی خزانے کے کروڑوں روپے بچائے گئے۔

تازہ ترین
تازہ ترین