کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار چشتی، ضلع پشین کے امیرمولانامحمد انور،مرکزی معاون کنوینر حاجی حیات اللہ کاکڑ، ڈاکٹر شمس الحق، مولانامحمدنبی ودیگر نے کہاہے کہ حکومت کی کرپشن اور سفاکیت کے با عث پشین کے عوام صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سالانہ بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے اربوں روپے مختص ہونے کے باوجود ہسپتالوں اور خصوصاًضلع پشین کے سول ہسپتال میں بنیادی ضروریات وسہولیات نہ ہونے کی برابر ہیں ،کثیر آبادی پر مشتمل ضلع پشین میں ایک ڈائیلاسز مشین تک نہیں ،تین ایم پی اے ، ایم این اے سرکاری ہسپتال کو اپنے کروڑوں روپے فنڈز میں سے ایک ڈائیلاسز مشین فراہم نہ کرسکے ،ضلع پشین کے سینکڑوں لوگ گردوں کی بیماری میں مبتلا ہیں جنہیں ڈائیلائسز کے لیے پرائیوٹ ہسپتالوں میں جانا پڑتاہے ،نااہل حکومت کی وجہ سے عوام کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے ،موجودہ حکومت غریب عوام کا خون نچوڑ رہی ہے،انہوں نے کہاکہ حکومت معیاری تعلیم اور صحت کی بنیادی ضروریات کے لئے کئے گئے وعدوں کوعملی جامہ پہنائے گذشتہ روزبھی پشین ہسپتال میں ایک نوجوان ڈائیلائسز مشین نہ ہونیکی وجہ سے زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھا،انہوں نے وزیراعلیٰ ،وزیرصحت ،سیکرٹری صحت سے فوری طورپرضلع پشین ڈسٹرکٹ ہسپتال کوڈائیلاسزمشین کی فراہمی کامطالبہ کیا۔