لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے بیرون ملک روانہ ہو جانے کے بعد حکومت پر صرف ترس ہی کھایا جا سکتا ہے ،سنگین نوعیت کے مقدمے میں نامزد پرویز مشرف کے بیرون ملک روانہ ہونے پر جومنطق پیش کی جارہی ہے ا س سے لوگ مطمئن ہونے کی بجائے حکومت پر ہنس رہے ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا جتنا احترام کرتی ہے سب اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔ عدالت نے اس کیس میں جو ریمارکس دئیے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں ۔حکومت کے اٹارنی جنرل نے عدالت میں جس طرح اپنے کیس کا دفاع کیا وہ بھی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ حکمران اس سارے معاملے میں عدالت کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پرویز مشرف کے معاملے میں انسانی حقوق کا تو ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے لیکن عام عوام کے حقوق کو جس طرح پامال کیا جارہا ہے وہ اسے نظر نہیں آرہا۔ حکومت واضح کہہ دے کہ پرویز مشرف کی روانگی مک مکا کا نتیجہ ہے اس سے کم از کم اس کی جگ ہنسائی تو نہ ہوتی لیکن اب جو منطق پیش کی جارہی ہے اس سے حکومت خود اپنا مذاق بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے بیرون ملک پہنچ کر علاج معالجے کی بجائے سیاسی سر گرمیاں شروع کر دی ہیں جس کے بعد حکومت پر صرف ترس ہی کھایا جا سکتا ہے ۔