• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف شہباز شہریف پارکس کے نام تبدیل کرنے کی منظوری ناموں کی تختیاں فوری اتروانے کی ہدایت

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں راولپنڈی کے تین اہم پارکوں نواز شریف پارک ، شہباز شریف پارک اور این اے 52پارک ڈھوک منشی کے نام تبدیل کر کے نوازشریف پارک مری روڈ کا نام علامہ اقبال پارک، شہباز شریف راول روڈ پارک کا نام راول پارک اور این اے 52پارک ڈھوک منشی کا نام پوٹھوہار پارک رکھنے کی منظوری دیدی۔اجلاس نے پی ایچ اے کے رواں مالی سال کے بجٹ سمیت آٹھ نکاتی ایجنڈے کی بھی منظوری دی۔ شہر کے باقی 50پارکوں کے نام پاک آرمی اور پولیس کے شہداء کے نام رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاہم اس کی منظوری آئندہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں لی جائے گی ، پی ایچ اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منگل کو چیئرمین آصف محمود کی زیرصدارت ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود نے جنگ کو بتایا کہ بورڈ نے ایڈورٹائزمنٹ ریٹس بڑھانےکی منظوری نہیں دی ، گزشتہ سال والے ہی ریٹ رہینگے، گزشتہ اجلاس کے منٹس کے ساتھ ساتھ ادارے کے ملازمین میں مزید 528ملازمین کا اضافہ کرنے ،پی ایچ اے کے ریگولیشن میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ملازمین کی تعداد497 کو بڑھاکر 1025 کرنے کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس ختم ہوتے ہی چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود نے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر شیخ طارق کو ہدایت کی کہ مری روڈ اور راول روڈ کے پارکوں کے باہر نوازشریف اور شہباز شریف کے ناموں کے تختیاں فوری طور پر اتروا دی جائیں۔
تازہ ترین