کراچی کے گل پلازا میں لگنے والی آگ نے 20 سال کے عامر کی جان لے لی،جس کی شادی عید کے بعد طے تھی ۔
خوشیوں سے بھرے گھر میں آج صرف آنسو اور آہوں کی گونج سنائی دے رہی ہے، سانحہ گل پلازا کے نتیجے میں کئی افراد لاپتا ہیں جن کے اہل خانہ ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔
20 سالہ عامر جو گھر کا سب سے چھوٹا اور سب کا پیارا تھا، گل پلازا حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق آگ لگنے کے کچھ دیر بعد عامر سے فون پر بات ہوئی تھی، اس نے کہا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے ،لیکن یہ تسلی چند لمحوں کی ثابت ہوئی، کچھ ہی دیر بعد عامر کی لاش عمارت سے برآمد ہوئی۔
اہلِ خانہ نے بتایا کہ عامر کی عید کے بعد شادی طے تھی، مگر ایک لمحے میں خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔
دوسری جانب گل پلازا سانحے میں متعدد فیملیز کے پیارے اب بھی لاپتا ہیں، وہ اپنے پیاروں کی خیریت کے لیے انتظار کر رہے ہیں مگر دل میں صدمہ اور بے چینی چھائی ہوئی ہے۔
متاثرین کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ حکومت شہروں کو بنیادی سیفٹی فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔