مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو نالائق حکمران تباہی کی طرف لےجارہا ہے۔
ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ قوم کو مسلسل خبردار کررہا ہوں، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ جھوٹ اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر مریم نواز کی بلاجواز گرفتاری غلط موقع پر سراسر غلط اقدام ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام میں اندھی حکومت میں نہ ظرف ہے اور نہ ہی اتنی دانائی کہ معاملات کی نزاکت کو سمجھے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ عید سے قبل مریم نواز کی گرفتاری سے حکومت کی طرف سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟
شہبازشریف نےسابق وزیراعظم نواز شریف اور اس کے نواسوں کے سامنے مریم نواز کی گرفتاری کو انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیازی حکومت ایسی اوچھی حرکتوں سے نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کو نہیں جھکا سکتی، یہ کیسا احتساب اور انصاف ہے کہ گرفتاری بعد میں ہوتی ہے اور خبر پہلے آجاتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیرپر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز کو اس لئے گرفتار کیا گیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ریلیاں اور جلسے کیوں کررہی ہے؟