• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال کے پیش نظر سفارتی مشن پر چین روانہ ہوگئے۔

شاہ محمود قریشی کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی ہیں، وزیر خارجہ دورہ چین کے دوران چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ چینی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کے تناظر میں وزیر خارجہ کے اس دورے کو انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ غیر آئینی اقدامات سے خطے میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہونے کے ساتھ خطے کا اہم ملک ہے۔چینی قیادت کو اس ساری صورتحال پر اعتماد میں لوں گا۔

تازہ ترین