• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش سے مویشی منڈی درہم برہم، جانوروں کا تحفظ مشکل ہوگیا

کراچی (رفیق بشیر)ہفتے کو ہونے والے بارش سے مویشی منڈی کے انتظامات درہم برہم ہوگئے اور جانوروں کا تحفظ مشکل ہوگیا ہے ، کھلے آسمان تلے کھڑے مویشیوں کو نزلہ اور بخار ہونا شروع ہوگیا ہے ، وی آئی پی بلاک کی سجاوٹ ختم ہوگئی جبکہ ایک بیوپاری کا کہنا ہے کہ موسم خراب ہے اور صورتحال یہی رہی تو منافع کے چکر میں نہیں پڑیں گے جو قسمت میںہوگا مل جائے گا۔ تفصیلات کےمطابق ہفتے کی صبح سے شدید بارش کے باعث مویشی منڈی کے تمام حفاظتی انتظامات دھرے کے دھرے رہے گئے، بارش اور ہوا سے مویشی بھی ایک دوسرے کے کیمپ میں داخل ہوگئے۔ انتظامیہ نے منڈی میں جمع ہونے والے پانی کو نکالنے کے لئے تیز رفتار پمپ لگائے تاہم شام کو پھربارش کا سلسلہ شروع ہونے پر منڈی میں انتظامیہ اور بیوپاریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیاجبکہ کیچڑ کے باعث منڈی کو صاف کرنے میں د قت کا سامنا ہے۔دوسری جانب شہر بھر میں دیگر منڈیوں نے بارش سے بچنے کے اپنے انتظامات کرلئے ہیں۔ مویشی منڈی میں 7 ؍ لاکھ سے زائد مویشی اس وقت موجود ہیں جن کو محفوظ مقام فراہم کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔ تاجروں کی جانب سے لاکھوں کی ادائیگی والے وی آئی پی بلاک کی تمام سجاوٹ ختم ہوگئی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ کھلے آسمان تلے مویشی کھڑے ہیں ان کو بخار اور نزلے کی بیماری ہونا شروع ہوگئی ہے۔ بیوپاری سے سوال کیا کہ اب تو مویشی کے قیمتیں کم ہوجائیں گی ۔اس نے جواب دیا ہماری مرضی کی قیمت پر مویشی فروخت ہوئے تو ٹھیک ہے ورنہ گھر واپس لے جائیں گے۔ نقصان میں فروخت نہیں کریں ۔
تازہ ترین