• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم آزادی مبارک،کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑینگے،صدر، وزیر اعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیرا عظم عمران خان نے 73 ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کو یقین دلایا کے ہم انکے ساتھ تھے ، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بہادر عوام کی جدوجہد کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی جلد کامیابی سے ہم کنار ہو گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی حکومت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ ایک گھناؤنی سازش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی ہے،جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا ہم کسی موڑ پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔یوم آزادی 2019ء کے موقع پرقوم کے نام پیغا م میں وزیر اعظم عمران خان نے 73ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر اندرون و بیرون ملک بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 14اگست ہماری ملی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جو ہمیں ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے
تحفظ کیلئے پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان مقاصد کی بھی یاد دلاتا ہے جنکے حصول کیلئے ایک آزاد خود مختار مسلم ریاست کا قیام عمل میں آیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم آزاد ی پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آج قوم 72 واں یوم آزادی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر اور بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے منا رہی ہے اس اہم موقع پر ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ ہمارا یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی،اقتصادی اورسماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قوم کو 72 ویں یوم آزادی کے پروقار موقع پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں تحریک آزادی کے شہداء اور بانیان پاکستان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ جنہوں نے آئندہ نسلوں کی آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ اسپیکر نے تمام ہم وطنوں پر ملک کو درپیش چیلنجوں سےنمٹنے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تازہ ترین