• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان کا یوم آزادی پر پیغام


وزیر اعظم عمران خان نے یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست ہماری ملی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جو ہمیں لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

گورنمنٹ آف پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ یومِ آزادی ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار ریاست بنانے کا جذبہ و امنگ دیتا ہے، آج عزم کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوش حال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یومِ آزادی پر وطنِ عزیزکے ان دلیر سپوتوں کو بھی سلام جنہوں نے بے شمار قربانیاں دیں، اپنے لہو کا نذرانہ دے کر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کی حالتِ زار پر افسردہ ہیں، ہمارے کشمیری بھائی بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔



وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کے نہتے عوام پر سنگین مظالم نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دی ہیں، بھارت نے کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے، اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی اقدامات سے ہمارے اجداد کے دو قومی نظریے کو تقویت ملی۔

تازہ ترین