• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا دن، ملک بھر میں ریلیاں، بھارت کو جواب دینے کا عزم


کراچی، اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ سیل) پوری قوم نے ملک کا 72 واں یوم آزادی جوش و خروش اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے’یوم یکجہتی کشمیر‘ قومی دن کے طور پر منایا گیا اور اسی مناسبت سے ملک بھر میں یوم آزادی پر اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں بھی نکالی گئیں ، رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کیلئے بڑی تعداد نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگاتے رہے، کچھ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے،جبکہ مختلف تقریبات میں شرکاء نے بھارت کو بھرپور جواب دینے کےعزم کا بھی اظہار کیا۔ گزشتہ روز ملک کے 72 ویں یوم آزادی پرحکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی لوگو جاری کیا جس میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ درج ہے،یومِ آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی غلامی سے نجات کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں،جسکے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت گلگت اور مظفر آباد میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،اس مو قع پر پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں جن میں بچوں، بڑوں اور جوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔شاہراہوں اور بازاروں میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لگائے گئے جبکہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات منعقد کی گئیں۔نوشکی کے عوام کا طویل قومی پرچم لیکر شاہراہوں پر مارچ کیا۔یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کیلئے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی،شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور پاکستان زندہ باد کے ساتھ ساتھ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کیلئے جو یک طرفہ اقدام کیا ہے اس نے پوری پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے اور ہرپاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قومی پرچم کے ساتھ آزاد کشمیر کا پرچم بھی لہرا رہا ہے۔اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی یونٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔نیول یونٹس میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیاجن میں قومی ترانے پڑھنے اور کھیلوں کے مقابلے جیسی کئی تقریبات شامل ہیں،پورے دن پر مشتمل تقریبات میں کراچی، اورماڑہ اور گوادراور دوسرے ساحلی علاقوں میں یومِ آزادی کی بوٹ ریلیاں شامل تھیں،پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں طلبا ء و طالبات نے ملی نغمو ں پر ٹیبلوز پیش کئے۔ کراچی میں پیپلزپارٹی نے یوم آزادی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ ریلی وزیراعلی سندھ کی سربراہی پیپلز سیکرٹریٹ سے ایمپریس مارکیٹ تک نکالی گئی،پیپلز سیکرٹریٹ پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکنوں کی بڑی جمع تھی۔ پشاور میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات نے پرچم لہرایا اور اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔کوئٹہ میں پرچم کشائی کی تقریب بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے پرچم لہرایا۔ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جشن آزادی مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منایا گیا،آزاد کشمیر میں یوم آزادی کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، مرکزی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد کی گئی، تقریب میں سیکرٹریز، سربراہان محکمہ جات جامعات کے وائس چانسلرز طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

تازہ ترین