• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا دنیا بوسنیا اور گجرات جیسی مسلم نسل کشی کاانتظار کررہی ہے، عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے سوال کیا ہے کہ کیا دنیا خاموشی سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور سربرینیکا (بوسنیا) اور گجرات جیسے ایک اور قتل عام کا انتظار کررہی ہے؟مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کی اجازت دی گئی تو مسلم دنیا سے شدید ردعمل آئے گا۔ وزیر اعظم نے یہ سوال سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اقوام عالم کو متنبہ کرتا ہوں کہ اگر اسکی اجازت دی گئی تو مسلم دنیا سے شدید ردعمل اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے، انتہا پسندی کو ہوا ملے گی اور تشدد کا نیا دور ابھرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں 12 روز سے کر فیو کا نفاذجاری ہے۔پہلے ہی سے بھاری افواج کی تعیناتی والے مقبوضہ علاقے میں مزید فوجوں کی تعیناتی کی جارہی ہے۔ آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقبوضہ وادی میں بھجوایا جا رہا ہے۔ اطلاعات ا ور وسائلِ ابلاغ کی مکمل بندش کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ اسے گجرات میں مودی کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کی نظیر سامنے رکھتے ہوئے دیکھا جائے۔ 

تازہ ترین