• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامیہ روٹی و نان کی قیمتوں کیخلاف ایکشن کے بعد پسپا، زائد قیمتوں کی وصولی

راولپنڈی (اپنےرپورٹر سے) راولپنڈی انتظامیہ روٹی و نان کی قیمتوں کےخلاف ایک دن ایکشن لینے کے بعد پسپائی اختیار کرگئی ہے اور شہری مہنگے داموں روٹی اور نان خریدنے پر مجبور ہیں۔تین درجن سپیشل پرائس مجسٹریٹس کے باوجود جمعرات کو بڑھی ہوئی روٹی اور نان کی قیمتوں کے خلاف شہر بھر میں کوئی ایکشن نہ ہوسکا۔نان بائیوں نے نئے ریٹس پر روٹی اور نان سمیت دیگر کی فروخت جاری رکھی۔دیکھا دیکھی تندور والے نئے ریٹس پر مال بیچنا شروع ہوگئے ہیں۔نان بائیوں کی طرف سےنئی لاگو ہونے والی قیمتوں کے تحت اسپیشل روغنی نان اور پراٹھہ 30روپے ، روغنی نان اور پراٹھہ 25 روپے،اسپیشل کلچہ (تل والا نان) 20 روپے، کلچہ (تل والا نان)15روپے ، سادہ نان 12 روپے اور روٹی 10روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ نان روٹی کی بڑھی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے جمعرات کو کسی ممکنہ کارروائی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ایف آئی آرز دی گئی ہیں،کاپی آفس سے حاصل کرلی جائے۔جبکہ بدھ کو جھنڈا چیچی کے علاقے میں تین نان بائیوں کے خلاف کارروائی کے بعد کوئی تفصیل انتظامیہ سے دستیاب نہیں ہوسکی۔روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھانے والے تندوروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ بدھ کی انتظامیہ کی کارروائی کےخلاف نان بائیوں نے بھی سخت ردعمل دیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ جمعہ کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور احتجاج و شٹر ڈائون کریں گے۔جبکہ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے قیمت نہیں بڑھائی اور روٹی مہنگی بیچنےوالوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔نان بائیوں کا مؤقف ہےکہ نان اور روٹی میں استعمال ہونے والافائن آٹا ،میدہ آٹا،عام آٹا اور دیگرتمام اشیاجو نانبائی کے کام میں استعمال ہو تی ہیں مہنگی ہو چکی ہیں،ہمیں پرانے ریٹس پر مجبور کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین