جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گزشتہ دنوں ابوظہبی ، مسقط اور بحرین کےلئے پروازوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی۔سعودی محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ ٹرمینل 1سے ابوظہبی ، بحرین اور مسقط انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےلئے پروازوں کی آمد و رفت شروع کر دی گئی ہے، جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا ۔ابوظہبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےلئے یومیہ ایک پرواز چلائی جائے گی ۔اسی طرح بحرین ائیرپورٹ کےلئے بھی یومیہ ایک پرواز کا پروگرام ہے ۔ مسقط کےلئے ہفتے میں 4پروازیں چلائی جائیں گی۔سعودی ائیر لائنز جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے 21داخلی ہوائی اڈوں کےلئے پروازوں کا تجربہ کر چکی ہے ۔جدہ کے نئے ہوائی اڈے سے باحہ ، دوادمی ، القیصومہ ، تبوک ، ینبع ، القریات ، عر عر ، الوج ، العلاء، الہفوف ، طریف ، جیزان ، شرورہ ، طائف ، الجوف ، بیشہ ، حائل ، رفحاء، وادی الدواسر ، ابہا اور نجران کےلئے پروازیں چلائی جا چکی ہیں۔
جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ 3ٹرمینلز ساؤتھ ، نارتھ اور حج ٹرمنلز پر مشتمل ہے۔اس کا حج ٹرمینل اپنی نوعیت کا منفرد ہے ۔اس ائیرپورٹ پر رائل ٹرمینل بھی ہے جو ریاستوں کے سربراہوں ، فرمانرواؤں، وزارائے اعظم اور صدور کےلئے مخصوص ہے ۔جدہ کا نیا ائیرپورٹ مملکت ہی نہیں بلکہ خطے کا اہم اقتصادی اور تمدنی مرکز ہوگا ۔اس کا ماسٹر پلان 3مرحلوں میں 2035ءتک نافذ کیا جائے گا ۔مکمل ہونے پر اس سے سالانہ 80ملین افراد سفر کر سکیں گے ۔
جدہ کے نئے ہوائی اڈے کے 300کاؤنٹر ہوں گے ۔ ان میں 220 امیگریشن کی باقاعدہ کارروائی ہو گی ۔ 80کاؤنٹر خودکار سروس کےلئے مختص ہوں گے ۔ اس کے ہالوں کا مجموعی رقبہ 810000میٹر ہو گا ۔ اس کے تحت 2ٹرانسپورٹ سینٹر ہوں گے ۔ حرمین ایکسپریس ٹرین کا اسٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ سینٹر میں مچھلیوں کا سب سے بڑا ایکیوریم بھی منصوبے میں شامل ہے۔ نئے ہوائی اڈے کا کنٹرول ٹاور 136میٹر اونچا ہے اور یہ دنیا کا سب سے بلند کنٹرول ٹاور ہو گا ۔یہاں 98طیاروں کی پارکنگ کا انتظام ہوگا ،70عمارت سے مربوط ہوں گی جبکہ 28میدان میں ہوں گی۔اس کاکمرشل ایریا27987میٹر ہے۔مسافروں کے سامان کےلئے 16کنویئر بیلٹ بھی منصوبے میں شامل ہیں۔