آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعرات23؍ ربیع الاوّل 1441ھ 21؍نومبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

کیا آپ کے پاس باتھ روم تعمیر کرنے کے لیے جگہ کم ہے؟ یا آپ کو لگتا ہے کہ چھوٹا سا باتھ روم گھٹن زدہ سامحسوس ہوسکتا ہے؟کم جگہ پر باتھ روم کی تعمیر کا مقصد یہ نہیں کہ وہ گھٹن زدہ یا چھوٹا چھوٹا لگے کیونکہ ایسے بہت سے طریقے موجود ہیں، جن کی مدد سے ایک چھوٹے سے باتھ روم کو بھی کشادہ محسوس کروایا جاسکتا ہے۔ جگہ کی کمی کےمسئلے سے آرائش اور اسمارٹ اسٹوریج کے ذریعےبآسانی نمٹا جاسکتا ہے، بس ضرورت ہےتو ایک خاص قسم کی منصوبہ بندی کی اور وہ کیسے کرنی ہے، آئیے جانتے ہیں۔

کارنر باتھ روم سنک

باتھ روم چھوٹا ہو یابڑا، سنک باتھ روم کی اشد ضرورت ہے۔ چھوٹے باتھ رومز کے لیے سنک کا انتخاب کرتے وقت تھوڑی سی سمجھداری کی ضرورت ہے۔چھوٹےباتھ رومز کے لیے پیڈسٹل سنک کے بجائے کارنر سنک کا انتخاب کیجیے۔ یہ ایک رُخ ہونے کے سبب باتھ روم میں کم جگہ گھیرتا ہے۔ اس کے علاوہ کارنر سنک میں اسٹوریج کا مناسب حل بھی بآسانی ڈھونڈا جاسکتا ہے لیکن ساتھ ہی اس بات کا خیال رکھیں کہ سنک کا میٹریل ایسا ہو، جو آسانی سے صاف ہونے کے ساتھ ساتھ دیر پا بھی ہو۔

گہرے رنگوں کا انتخاب

انٹرنیشنل انٹیریئر ڈیزائنر جینی وولف کا کہنا ہے، ’’میں ہمیشہ چھوٹے باتھ روم کو پینٹ کرنا پسندکرتاہوں جو بغیر کھڑکی والے ہوں، ایسے باتھ روم کے لیے رنگوں میں میری پہلی ترجیح سیاہ رنگ ہوتا ہے۔سیاہ رنگ کسی بھی محدود جگہ کو کشادہ دکھانے کے لیے ایک بہترین رنگ ہے، یہ جگہ کی گہرائی بڑھادیتا ہے‘‘۔ آپ بھی اپنے چھوٹے باتھ روم کے لیے گلوسی بلیک رنگ کی ٹائلز اور پینٹ کاانتخاب کیجیے۔ یہ رنگ سب سے زیادہ نفیس اور جدید وضع فراہم کرنے کے علاوہ آپ کے باتھ روم میں گندگی نمایاں ہونے سے بھی بچائے گا لیکن اس رنگ کے ساتھ روشنی کے انتخاب میں خاصی مہارت کی ضرورت محسوس ہوگی۔

شیشے کی دیوار

ہم سب جانتے ہیں کہ شیشہ چھوٹی جگہوں کے لیے بہترین ہوتا ہے، جو اس جگہ سے تنگی کے احساس کو نکال باہر کرتا ہے۔ تو اپنے چھوٹے باتھ روم میں جتنا ہو سکے اتنا بڑا شیشہ لگائیں، یہ روشنی منعکس کر کے باتھ روم کو کشادہ دکھائے گا۔ تاہم آج ہم آپ کو یہ مشورہ بھی دیں گے کہ بجائے اس کے کہ آپ اپنے باتھ روم میں چھوٹے سائز کا شیشہ نصب کریں، اس کے بجائے اس کی ایک دیوار کو مکمل طور پر شیشے کے لیے مختص کردیں۔ کسی بھی دیوار پر شیشے لگنے سے چھوٹی جگہ خوبصورت دکھنے کے ساتھ ساتھ روشن اور کشادہ بھی محسوس ہونے لگتی ہے۔

شاور یا باتھ ٹب

چھوٹے باتھ روم کے لیےباتھ ٹب کا انتخاب درست نہیں بلکہ اس کے لیے شاور مثالی رہتا ہے۔ باتھ ٹب خاصی جگہ گھیرتا ہے اور اس کی روازنہ صفائی بھی کرنا پڑتی ہے جبکہ شاور کے لیے جگہ بھی کم درکار ہوتی ہے اوراس جگہ کو آپ تھوڑا بہت سامان رکھنے کے لیے بھی کام میں لاسکتے ہیں۔

اسٹوریج کا آسان حل

چھوٹے باتھ روم کے لیے اسٹوریج کا آسان حل ڈھونڈنا مشکل ہے ۔اس کے لیے درج ذیل تجاویزات پر غور کیجیے۔

٭ آپ کو کوشش کرنی چاہیے کہ زمین پر کچھ نہ رکھیں تا کہ چلنے پھرنے کی جگہ بچی رہے۔

٭ باتھ روم کی دیواروں میں شیلف نصب کروائیں یا تعمیر کے دوران طاق بنوائیں، جہاں آپ روز مرہ ضرورت کا سامان جیسا کہ تولیے وغیرہ ان میں رکھیں۔

٭میک اَپ، ٹوتھ برش اور دیگر چھوٹی موٹی اشیا سمیٹنے کے لیے آرڈر پر بنوائی گئی درازیں بہترین ثابت ہوتی ہیں۔ سنک کے نیچے والی جگہ پر یہ درازیں لگوائیں۔

ٹائلز کا انتخاب

ٹائلز کے انتخاب کے ذریعے کسی بھی چھوٹے سے باتھ روم کو بڑا دکھایا جاسکتا ہے۔انٹیریئر ڈیزائنر ایم سی گریتھ کے مطابق اپنے چھوٹے باتھ روم کے لیے سیرامک کے چھوٹے سائز والے ٹائلز کا انتخاب کیجیے۔ فرش سے لے کر دیوار تک کے ٹائلز کے لیے ایک ہی پرنٹ کا انتخاب جگہ کو کشادہ محسوس کروانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

فلورل پرنٹ

چھوٹے باتھ روم ڈیزائن کے لیے فلورل پرنٹ کا ڈیزائن بھی ایک شاندار انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ اس ڈیزائن کے تحت فرش سے لے کر زمین تک فلورل پرنٹ کا انتخاب کیا جاتا ہے، جس میں ہرے رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ فلورل پرنٹ کے ساتھ ہلکے رنگ کا سینٹری سامان جگہ کی کشادگی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

گھر پیارا گھر سے مزید