• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے علاقے اے بی سینیا لین میں سر پرگولی لگنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں گھر کے کیبل کی تار سے کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

شاہ فیصل کالونی میں اپنے ہی پستول کی گولی اتفاقیہ چل جانے سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اے بی سینیا لین میں فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون زخمی ہوئی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون رقیہ زوجہ کامران نے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کی ہے، تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متوفیہ کا شوہر کامران پولیس اہلکار ہے، خاتون نے شوہر کے سرکاری پستول سے خود کو گولی ماری ہے، جبکہ واقعے کے وقت کامران گھر پر نہیں تھا۔

دوسری جانب شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں پولیس اہلکار ارباز خان گھر میں اپنے ہی پستول کی گولی اتفاقیہ چل جانے سے زخمی ہو گیا۔

متاثرہ پولیس اہلکار سعود آباد ہیڈ کوارٹر میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ہے، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے ایک گھر میں کیبل کا تار صحیح کرتے ہوئے کرنٹ لگنے کے دوران نوجوان زوہیب انتقال کر گیا، متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین