• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: بھارتی سفارت خانے کے سامنےکشمیریوں کے حق میں مظاہرہ

کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت اور مودی سرکارکی طرف سے آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اعلان کے خلاف اسپین کے دارلحکومت میڈریڈ میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے کشمیری ، پاکستانی ، بنگلہ دیشی ، سکھ اور مقامی ہسپانوی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں کشمیر یوں پر ہونے والے مظالم کی تصاویر والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن مختلف نعرے درج تھے۔ جبکہ مظاہرین نے مودی سرکار کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔


احتجاجی مظاہرے سے راجہ ضیا صدیق ، محمد اقبال ، راجہ سونی اور ملک شریف سمیت دیگر مقررین نے خطاب  کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتوں کو چاہیئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کروائیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں لیکن اگر بھارت اپنی ہٹ دھرمیوں سے باز نہ آیا تو اُسے منہ کی کھانی پڑے گی ۔مقررین نے کہا کہ کشمیر میں کئی ہفتوں سے کرفیو لگاہوا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج بھی میسر نہیں جبکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کا راشن خریدنے کی اجازت نہیں ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر جنگ ہوئی تو اس سے ساری دُنیا کو نقصان اٹھانا پڑے گا، مسئلہ کشمیر کسی خطہ زمین کا نہیں بلکہ انسانیت کے حقوق کا مسئلہ ہے۔

مظاہرے کے موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے ۔

تازہ ترین