کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حاجی عطاءاللہ لانگو چیئرمین ایگزیکٹوکمیٹی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ بلوچستان ہائیکورٹ بار کے صدر سید باسط شاہ سبی ہائیکورٹ بار کے صدر سراج احمد جمالی جنرل سیکریٹری محمد حنین اقبال منہاس کوئٹہ بار کے صدر آصف ریکی اورجنرل سیکرٹری خوشحال خان کاسی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف دائر ریفرنس کو خارج کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز کے خلاف حکومتی ریفرنس کو بھی فوری مسترد کیا جائے۔ یہاں جاری مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی ریفرنس بد دیانتی پر مبنی ہے اور آزاد عدلیہ کے خلاف ایک سازش ہے اور حکومت جان بوجھ کر اس قسم کے ریفرنس دائر کرکے جوڈیشری کے ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے جسٹس قاضی فائز عیسی ایک ایماندار اور نڈر جج ہیں جنہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کیا انہوں نے فیض آباد دھرنا اور سانحہ آٹھ اگست کمیشن رپورٹ میں کھل کر حکومتی کمزوریوں کی نشاندہی کی انہوں نے کہا کہ حکومتی ریفرنس کو عوام وکلاء سول سوسائٹی نے مسترد کردیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا سپریم جوڈیشل کونسل دوسرے ریفرنس کو بھی مسترد کرے تا کہ آزاد عدلیہ کے خلاف ہونے والے ہر سازش کو ناکام بناکر ملک کے اندر آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جاسکے۔