آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ 18؍محرم الحرام 1441ھ 18؍ستمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند ہے: فردوس عاشق


وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرکی صورتِ حال اور خطے میں امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس پُر زور طریقے سے دنیا میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، قوم کو اس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری یک طرفہ بھارتی اقدامات اور کشمیر کی صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔

فردوس عاشق کہتی ہیں کہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے بھارتی دعوے کی نفی ہوئی کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، بھارت یک طرفہ اقدامات سے حقائق تبدیل کر سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ناانصافیوں اور کشمیریوں پر ظلم کا مقدمہ ہر فورم پر پیش کرتے رہیں گے، ہر فورم پر بھارت کو اس کے ظلم و بربریت کا آئینہ دکھائیں گے۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے، آزادی کی صبح تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید