• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری نگر: کشمیریوں نے صورہ کو بھارتی فوج کے لیے نوگو ایریا بنادیا

بھارتی فورسز کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے دوران ایک بار پھر مزاحمت کا سامنا ہے، سری نگر کے علاقے صورہ کو نوجوانوں نے بھارتی فوج کے لیے نوگو ایریا بنادیا۔


غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کشمیری نوجوانوں نے پہرے داری نظام بنا کرصورہ کے علاقے کو بھارتی فوج کے لیے نو گو ایریا بنادیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج 16دن گزرنے کے بعد بھی سری نگر کے علاقے صورہ میں داخل ہونے میں ناکام رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صورہ میں کشمیریوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بھارتی فوج کا داخلہ بند کر رکھا ہے، پہری داری نظام کے تحت ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔

کشمیری نوجوانوں نے سڑکوں پر اینٹیں، درختوں کی شاخیں اور لوہے کی چادریں لگا کر سڑکیں بلاک کردی ہیں۔

خبر ایجنسی سے گفتگو میں ایک کشمیری نوجوان نے کہا کہ ہماری کوئی آواز نہیں، ہم اپنے غصے کی آگ میں جل رہے ہیں، دنیا ہمیں نہیں سنے گی تو ہم کیا کریں گے؟ کیا بندوقیں اٹھالیں؟

خبر ایجنسی نے علاقے کے دو درجن افراد سے گفتگو کی، سب ہی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ظالم قرار دیا اور کہا کہ ہمیں لگ رہا ہے جیسے ہم لائن آف کنٹرول کی پہرے داری کر رہے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی فوج علاقے میں گھسنے کی کوشش کرتی ہے تو مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلانات کر کے نوجوانوں کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔

کشمیر ی نوجوان نے کہا کہ ہر روز بھارتی فوج صورہ میں گھسنے کی کوشش کرتی ہے،ہم ہر روز انہیں بھگادیتے ہیں۔

یاد رہے کہ صورہ وہی علاقہ ہے، جہاں آرٹیکل 370 اور 35 اے ہٹائے جانے کے بعد آنے والے جمعے کو عوام کرفیو توڑ کر نکلے تھے، جسے برطانوی نشریاتی ادارے سمیت دیگر غیر ملکی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا تھا۔

تازہ ترین