• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی وزارت خزانہ نے ’ای کرنسی‘ سے خبردار کر دیا

سعودی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے نام سے ای کرنسی پھیلائی جارہی ہے، اس سے خبردار رہا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب کے نام سے ای کرنسی ’کرپٹوریال‘ پھیلائی جا رہی ہے، اس سے خبر دار رہا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا ہےکہ سعودی عرب نے کوئی ای کرنسی جاری نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں ہے، اس میں کسی قسم کا کوئی لین دین نہ کیا جائے اور نہ ہی کوئی شخص اس میں سرمایہ لگانے کی غلطی کرے۔

نیوز ویب کے مطابق سعودی وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے نام سے جو ای کرنسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اسے سعودی ریال کا نام دیا جا رہا ہے۔ اس کی شکل ویسی ہی ہے جیسی سعودی ریال کی ہے۔

سعودی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کرپٹو ریال کے نام سے جو کرنسی رائج کی جا رہی ہے وہ بنیادی طور پر کرنسی نہیں ہے اور مملکت کے اندر اس کی کوئی اساس نہیں ہے۔ سعودی عرب اس قسم کی کرنسی کو کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہے۔ یہ کرنسی مملکت کے باہر چل رہی ہے۔

ایسے افراد اس کا دھندا کر رہے ہیں جنہیں مملکت کی جانب سے کسی طرح کی کوئی اجازت نہیں دی گئی۔ اس قسم کی کرنسی میں دھوکا دہی کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

سعودی وزارت خزانہ نے عندیہ دیا ہے کہ جو لوگ سعودی عرب کے نام سے فرضی کرنسی کی ترویج میں ملوث پائے جائیں گے ان کے خلاف مملکت کے متعلقہ ادارے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

تازہ ترین