• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹمی قوت بننا 72سالہ تاریخ میں ہماری بڑی کامیابی ہے، شوریٰ ہمدرد اجلاس

کراچی (پ ر) کموڈور (ر) سدید انور ملک نے کہا ہے کہ ہم ایٹمی قوت بن چکے ہیں اور یہی سب سے بڑی کامیابی ہے جو ہم نے اپنی 72 سالہ تاریخ میں حاصل کی ہے، پاکستانی سب کچھ کر سکتے ہیں، انہیں صرف آگے بڑھنے کے جذبے کی ضرورت ہے۔ وہ جسٹس (ر) حاذق الخیری کی زیر صدارت ’’آزادی کے 72سال، کیا کھویا کیا پایا‘‘ کے موضوع پر شوریٰ ہمدرد کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بہت کچھ پایا تو بہت کچھ کھویا بھی ہے۔ ہم نے آدھا ملک گنوا دیا تاہم قومیں اپنی غلطیوں سے ہی سیکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1972ء میں تعلیمی اداروں اور صنعتوں کو قومیانے کا عمل غلط تھا جس سے تعلیمی اور صنعتی ترقی رک گئی۔ جسٹس (ر) حاذق الخیری نے کہا کہ ہمیں ہندوستان کی جانب سے کشمیر میں کی جانے والی ناانصافی، بے ایمانی اور ظلم و زیادتی کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور کشمیر کی آزادی کے لیے جو کچھ ہم کر سکتے ہیں، وہ ضرور کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے کسی ساتھی پر کرپشن کا الزام آج تک نہیں لگا۔ اجلاس سے پروفیسر ڈاکٹر اخلاق احمد ،ڈاکٹر سید امجد علی جعفری ، انجینئر سید محمد پرویز صادق ، انجینئر انوارالحق صدیقی نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین