کراچی ( جنگ نیوز) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین کی ہدایت پر ایک بار پھر رضاکارانہ کلین کراچی مہم کا بھرپور آغاز کر دیا گیا۔ حالیہ بارشوں میں کراچی کی بدترین صورتحال کو دیکھتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی اور میئرکراچی وسیم اخترنے صفائی کیلئے مدد کی اپیل کی تھی جس پر چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے 100سے زائد ذمہ دار ٹیم ممبران کی نگرانی میں 100سے زائد ڈمپرز‘ لوڈرز‘ ایکسکویٹرز‘ باب کیٹ‘ ٹریکٹر ٹرالیاں‘ واٹر بائوزرز سمیت ضروری ہیوی مشینری اس مہم کیلئے مختص کر دی ہے جس کی قیادت کمانڈر ذوالفقار میمن جی ایم بحریہ ٹائون کراچی کر رہے ہیں۔ کلین کراچی مہم کے تحت بحریہ ٹائون کراچی کا عملہ صرف 2دن کی قلیل مدت میں 2250ٹن کچرا اٹھا چکا ہے۔ صفائی کا یہ کام اب تک سنٹرل ڈسٹرکٹ کے تین مختلف مقامات جن میں سراج الدولہ جی ایس ٹی‘ پیلا اسکول جی ایس ٹی اور آغا جوس کے اردگرد کا علاقہ جبکہ کورنگی ڈسٹرکٹ کے علاقے سعود آباد میں کیا جا چکا ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بحریہ ٹائون کی اُن کاوشوں کو ملک بھر کے اداروں کیلئے ایک مثالی نمونہ قرار دیا ہے۔ صفائی کے آغاز پر جی ایم بحریہ ٹائون کراچی کمانڈر ذوالفقار میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں چاہے تودہ گرنے کا واقعہ ہو یا آگ لگنے کا‘ چاہے منہدم عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنا ہو یا صفائی کا بڑے پیمانے پر کام‘ بحریہ ٹائون کراچی ہمیشہ آگے بڑھ کر عوام کا ساتھ دیتا ہے۔